انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلے کے خلاف انگلش خواتین کرکٹرز بھی بول پڑیں

12.jpg

پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلے کے خلاف برطانیہ سمیت دنیا بھر میں تنقید جاری ہے، اس فیصلے کے خلاف تنقید کرنے والوں میں برطانوی ویمن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی شامل ہوگئے ہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کی سابق خواتین کرکٹرز بھی اپنے بورڈ کے فیصلے اور پاکستان کی حمایت میں بول اٹھی ہیں، ویمن ٹیم کی سابق کپتان شرلیٹ ایڈورڈ نے بورڈ کی جانب سے ویمن ٹیم کا دورہ پاکستان بھی منسوخ کیے جانے کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔

شرلیٹ ایڈورڈ نے بورڈ کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے بہت ہمدردی ہے، گزشتہ سال پی سی بی نے ہمارے لیے بہت کچھ کیا لگتا ہے ہم وہ سب کچھ بھول چکے ہیں۔

https://twitter.com/x/status/1440289577722257428
سابق کپتان نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے مینز ٹیم کیلئے آئیڈل تیاری نہ کی گئی ہو مگر انگلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کیلئے یہ ایک اہم دورہ تھا، ورک لوڈ کا بہانہ بنانا زیادہ مایوس کن اقدام تھا۔

سابق برطانوی خاتون کرکٹر ایبونی جوئیل رین فورڈ نے بھی پاکستان کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کورونا کے دوران ہماری مدد کی اب ہمیں اس کا جواب دینا تھا، مگر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا یہ فیصلہ ایک مضبوط ٹیم کا کم طاقتور ٹیم کے خلاف اقدام ہے جس میں نتائج کی پرواہ نہیں کی گئی۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ ای سی بی نے اپنے بیان میں واضح کردیا کہ مسئلہ سیکیورٹی کا نہیں تھا، سکیورٹی کا مسئلہ بھی سڑکیں بند ، ہوٹل سیل اور گارڈز تعینات کرکے حل کیا جاسکتا ہے، مگر ورک لوڈ کا بہانہ بنانے والے ای سی بی کو 2 منٹ پہلےعلم ہوا تھا کہ دورہ پاکستان شیڈولڈ ہے؟