وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سائفر سے متعلق خط بشریٰ بی بی کی ہدایات پر جاری کیا گیا۔
انہوں نے یہ الزام اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےعائد کیا اور کہا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اداروں کے خلاف مہم سازی کی ہدایات جاری کرتی رہی ہیں،عمران خان کو اسی وقت سب کچھ یاد آتا ہے جب ان کے اسکینڈل منظر عام پر آجاتے ہیں، بنی گالہ ہیروں کا کاروبار چلتا ہے،زمینوں پر قبضے اور توشہ خانہ کی قیمتیں لگائی جاتی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مبینہ طور پر بشری بی بی کی آڈیو لیک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائفرسے متعلق جو خط سامنے آیا ہے وہ بھی بشریٰ بی بی کی ہدایات پر نکالا گیا ہے ، اداروں کے خلاف مہم سازی بھی بشریٰ بی بی کی ہدایات پر شروع کی گئی، تحقیقات کا عمل تیز ہوچکاہے اب مزید چوریاں سامنے آئیں گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ اگرواقعی کوئی بیرونی سازش ہوئی تھی تو انہوں نے 8 مارچ کوقوم کو کیوں نہیں بتایا؟ کیوں انہوں نے خود جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا؟ اب آپ کو عوام کو جواب دینا ہوگا، کہا جاتا تھا کہ بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں عمران خان بتائیں کہ وہ کیوں ٹرینڈزجاری کرنے سے متعلق ہدایات جاری کرتی تھیں۔