صیہونی اخبار "ٹائمز آف اسرائیل کی ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے ایران کے ممکنہ حملے کی صورت میں پیشگی کارروائی کرنے پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔
اسرائیل ایران کی جانب سے حملے کی تیاری کے حتمی شواہد کا انتظار کر رہا ہے تاکہ حملے کے ممکنہ اقدام پر فیصلہ کیا جا سکے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ بات اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی اتوار کی رات سکیورٹی سروسز کے سربراہوں کے ساتھ ہونے والے ایک اجلاس کے بعد سامنے آئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق اتوار کی رات اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے سکیورٹی سروسز کے سربراہوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس میں شرکت کی تھی جس میں وزیر دفاع یوو گیلنٹ، چیف آف سٹاف اسرائیلی ڈیفنس فورسز لیفٹیننٹ جنرل ہرزی ہیلیوی، سربراہ موساد ڈیوڈ بارنیا اور سربراہ جنرل سیکیورٹی سروس رونن بار بھی شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق اس اجلاس کا مقصد ایران اور حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر ممکنہ حملوں کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینا تھا کیونکہ موجودہ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق تہران میں اسرائیل پر حملے کی تیاری کی جا رہی ہے جس کے لیے تیاریاں کرنے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی ویب سائٹ "یدیعوت احرونوت" کی رپورٹ کے مطابق اجلاس کے دوران ایران پر پیشگی حملے کے آپشن پر بات چیت ہوئی اور سیکیورٹی حکام نے واضح کیا کہ اس اقدام کی منظوری اس وقت تک نہیں دی جائے گی جب تک کہ اسرائیل کو مخصوص انٹیلی جنس ذرائع سے اس بات کی تصدیق نہیں کر دی جاتی کہ ایران یقینی طور پر اسرائیل پر حملہ کرے گی۔
دوسری طرف امریکی وزیر خارجہ ٹونی بلنکن نے جی سیون ملکوں کے اپنے ہم منصبوں کو اس حوالے سے مطلع کیا گیا ہے کہ ایران اور حزب اللہ کے اسرائیل پر حملے ممکنہ طور پر پیر سے شروع ہو سکتے ہیں۔ ٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ امریکہ کو حملے کے درست وقت کا علم نہیں ہے لیکن ان حملوں کا آغاز اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران کی طرف سے کے حملے کے خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی اقدامات اور تیاریوں میں تیزی لایا ہے اور امریکہ وبین الاقوامی برادری نے اسرائیل کیخلاف ممکنہ حملوں کے پیش نظر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسرائیلی فوجی وسیکیورٹی قیادت کی طرف سے ایران پر پہلے حملے کے امکان پر غور بین الاقوامی سطح پر امن و امان کی صورتحال پر گہرے اثرات ڈالے گا۔