
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے سابق وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہےکہ عمران خان جعلی طریقے سےاقتدار میں آئے، وہ سیلکٹڈ وزیراعظم تھے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عمران خان سیلکٹڈ وزیراعظم تھے، عمران خان وہ واحد وزیراعظم تھے جنہیں آئینی طریقے سے اقتدار سے ہٹایا گیا، جن ووٹوں سے عمران خان کو نکالا گیا ان میں ایک ووٹ بھی پی ٹی آئی کا نہیں تھا۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ عمران خان نے ملکی سالمیت کا سودا کیا، پیپلزپارٹی آڈیو لیکس کو اچھا نہیں سمجھتی تاہم آڈیو لیکس سے عمران خان کی خط اور سائفر سے متعلق باتیں بھی ایکسپوز ہوگئیں، آڈیو میں کہا کہ اس ملک کا نام نہیں لینا اور خود جلسوں میں نام لیتے رہے، آڈیو لیک میں بتایا کہ 5افراد خریدےگئے ہیں،اب بتایا جائے کہ جو 5 افراد خریدے گئے انہیں کتنے پیسے دیئے گئے، یہ 5ارکان بلین ٹری یا بی آرٹی کےپیسوں سےخریدے گئے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نےعمران خان کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ایف آئی اےسے درخواست کی کہ عمران خان کے خلاف کارروائی کی جائے، عمران خان کے ساتھ لاڈلے والا سلوک بند ہونا چاہیے، آڈیو لیکس عمران خان کے خلاف چارج شیٹ ہے لہذا ان کے خلاف جے آئی ٹی بنانی چاہیے اورقانون و آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، جیسی سیاست عمران خان کررہےہیں آج تک کسی نے نہیں کی ہوگی، ان کا مذہبی ٹچ صرف اور صرف عوام کو بیوقوف بنانے کیلئےہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13shirjeelmemepon.jpg