نجی ٹی وی چینل کے صحافی شہزاد حسین بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ جہانگیر ترین اور اسحاق ڈار کے درمیان لندن میں ایک اہم ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ انکشاف جی این این کے پروگرام "خبرہے" میں گفتگو کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ لندن ذرائع سے جب نواز شریف اور جہانگیر ترین کی ملاقات سے متعلق تصدیق کرنا چاہی تو وہاں سے یکسر تردید سامنے آئی تھی تاہم جب ذرائع سے جہانگیر ترین اور ن لیگی رہنما اسحاق ڈار کی ملاقات سے متعلق پوچھا گیا تو ہمارے ذرائع مسکرادیئے تھے۔
لانگ مارچ کی تاریخ سے متعلق سوال کے جواب میں جی این این لاہور کے بیورو چیف شہزا حسین بٹ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے یہ بات کی گئی تھی کہ جب تک میرا لانگ مارچ مکمل نہیں ہوجاتا عدم اعتماد تب تک نہ لائی جائے۔
شہزاد بٹ نے کہا کہ آنے والی اتوار یعنی پرسوں جب پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ اسلام آباد پہنچے گا اور وہاں بلاول بھٹو زرداری خطاب کرلیں گے تو اس کے اگلے روز یعنی پیر یا منگل کو اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک لائے جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہیٰ کی جانب سے آج کی گفتگو کے دوران ایک بات جو کی گئی کہ" اتنی بڑی ہنڈیا چڑھی ہے تو کچھ تو نکلے گا ہی "یہ بہت اہم بات ہے۔