وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی جانب سے اسمبلی میں اکثریت بڑھانے کی کوششوں کا پلٹ وار کرتے ہوئے ن لیگ کی 6 وکٹیں اڑا دی ہیں۔
خبررساں ادارے ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں وزیراعظم عمران خان سے ن لیگ کے 6 اراکین اسمبلی نے ملاقات کی اور عدم اعتماد کے معاملے پر وزیراعظم کی حمایت کا اعلان کردیا۔
رپورٹ کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کیلئے معاملات کو حتمی شکل دینے کے مرحلے کے آتے ہی وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنی چالیں چلنا شروع کردی ہیں، وزیراعظم اسی لیے آج لاہور پہنچے جہاں انہوں نے اپنی پارٹی کے اراکین اسمبلی اور رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم عمران خان نے لاہور دورے کے دوران اپوزیشن پر مضبوط پلٹ وار کرتے ہوئے ن لیگ کے 6 اراکین کی حمایت حاصل کی۔
ان ارکان میں جلیل شرقپوری، اشرف انصاری، فیصل نیازی،مولانا غیاث الدین، اظہر عباس چانڈیہ شامل تھے۔
اس خبر کی تصدیق ٹویٹر پر وزیراعظم آفس کے آفیشل ہینڈل سے بھی سامنے آگئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ن لیگ کے 6 اراکین نے وزیراعظم کو نہ صرف اپنی حمایت کی یقین دہانی کروائی بلکہ مزید لوگوں کی حمایت کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
ملاقات کے موقع پروزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن عدم اعتماد پر ووٹنگ پر میرے خلاف 172 اراکین لے آتی ہے تو مجھ سے کمزور وزیراعظم کوئی نہیں ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر اراکین اسمبلی کو اسلام آباد پر نظریں مرکوز رکھنے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔