تھائی لینڈ میں ایک خاتون نے اپنے باس سے ناراضگی کے سبب مبینہ طور پر تیل کے گودام کو آگ لگادی جہاں وہ کام کرتی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ میں پیش آنے والے ایک انوکھے واقعے نےسب کو حیرت میں ڈال دیا، 38 سالہ خاتون نے باس کے ڈانٹنے پر تیل کے گودام کو آگ لگا دی۔ این سریا نامی تھائی ملازمہ نے پراپاکورن نامی گودام میں تیل کے کنٹینر پر کاغذ کے ٹکڑے کو پھینکنے سے قبل لائٹر سے آگ لگائی تھی۔
29 نومبر کو واقعے کے دوران زخمی حالت میں پائی جانے والی ناراض ملازمہ نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایا کہ اس نے جگہ کو آگ اپنے باس پر غصے کی وجہ سے لگائی تھی، جس کے باعث خاتون نے انتہائی خوفناک اقدام اٹھاتے ہوئے تیل کے گودام کو آگ لگا دی۔
آگ سے 40 ملین سے زائد تھائی بھات (21 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) مالیت کا نقصان ہوا اور وہ تیزی سے اس عمارت میں پھیل گئی جس کو ہزاروں لیٹر تیل کے ٹینک ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
بعد ازاں آگ کو فائر ٹینڈرز کی مدد سے بجھاتے ہوئے خاتون کو گرفتار کر لیا گیا جس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے باس کی ڈانٹ ڈپٹ سے ناراض تھی، باس کی جانب سے خاتون کو کام بہتر بنانے کے ہدایات کی جاتی تھیں جس سے تنگ آکر خاتون نے گودام کو آگ لگا دی۔