کیا واقعی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ایک بار پھر اپنا ترجمان تبدیل کرنے جارہے ہیں؟ میڈیا پر چلنے والی خبروں پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کا ردعمل
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کو عہدے سے ہٹائے جانے کی خبروں کی تردید سامنے آگئی، پنجاب حکومت کے مطابق ایسی کسی خبر میں صداقت نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق متعدد نجی خبررساں اداروں نے آج یہ خبر دی کہ وزیراعلی پنجاب نے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تاہم ترجمان وزیر اعلی ہاؤس کی جانب سے ان خبروں کی تردید سامنے آگئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، حسان خاور کو وزیراعلی عثمان بزدار کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔
ترجمان وزیر اعلی ہاؤس نے مزید کہا کہ حسان خاور بطور ترجمان وزیراعلی اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گےاور انہیں تبدیل یا عہدے سے نہیں ہٹایا جارہا۔
وزیراعلی عثمان بزدار کے فوکل پرسن اظہر مشہوانی نے بھی ان خبروں کو فیک نیوز قرار دیتے ہوئے اپنے ٹویٹر پیغام میں نجی ٹی وی چینل کی بریکنگ نیوز کا سکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔
قبل ازیں یہ خبریں سامنے آئیں کہ وزیراعلی عثمان بزدار نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے اور صوبائی حکومت کی کارکردگی کو بہتر انداز میں عوام کے سامنے پیش نہ کرنے پر حسان خاور کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ان کے اس فیصلے کی توثیق وزیراعظم عمران خان نے نہیں کی اور وزیراعلی کو ہدایات کیں کہ حسان خاور کو تبدیل کرنے کا فیصلہ موخر کردیں۔