خبریں

سوشل میڈیا کی خبریں

Threads
2.1K
Messages
18.8K
Threads
2.1K
Messages
18.8K

معاشرتی مسائل

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None

طنز و مزاح

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا اخلاقیات برقرار رکھنے کیلئے کمیٹی بنانے کا اعلان اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اسمبلی میں اخلاقی روایات کی دھجیاں اڑانے والوں کی نشاندہی کے لیے کمیٹی بنانے کا اعلان کردیا, پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اسپیکر ملک احمد خان نے واضح کیا آئینی طریقہ کار کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور غیر اخلاقی نعرے بازی کرنے والوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے اسمبلی میں اخلاقی روایات کی دھجیاں اڑانے والوں کی نشاندہی کے لیے کمیٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں ہلڑ بازی ہرگز برداشت نہیں اور نہ ہی ہودہ نعروں کی اجازت ہوگی,ہمیں گندی زبان استعمال کر کے ایک دوسرے کو اشتعال نہیں دلانا چاہیے، احتجاج سب کا حق ہے، اب احتجاج غلیظ گالیوں تک پہنچ چکا ہے، پہلے ہلڑ بازی، شورشرابا تھا اب بات گالم گلوچ تک پہنچ گئی ہے، ایوان میں اپوزیشن کی اشتعال انگیز نعرے بازی اور الزام تراشی معمول بنا چکا ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میری موجودگی میں ایوان کے اندر گالیاں دی گئیں، لوگ اخلاقی سطح سے گر جائیں گے تو کس طرح ایوان چلے گا، ایوان کی تنزلی کے ذمہ دار اس کے اندر بیٹھے لوگ ہیں یہ کوئی جلسہ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی کنٹینر ہے، کوشش کی کہ مذاکرات کو فروغ دیا جائے۔ ملک احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ اسمبلی میں بیہودہ نعروں کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایک عرصے کے بعد ہمیں ٹیکس فری بجٹ دیکھنے کو ملا، اپوزیشن کی حرکتوں کو بہت برداشت کیا، ارکان اخلاقی سطح سے گر جائیں گے تو مجھے اپنا اختیار استعمال کرنا پڑے گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کے بعد سینئر مینجر وہاب ریاض نے بھی صحافی مبشر لقمان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا,ذرائع کے مطابق وہاب ریاض نے صحافی کو لیگل نوٹس میں وی لاگ میں لگائے گئے الزامات پر 14 دنوں میں معافی مانگنے کا مطالبہ اور پچاس کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔ وہاب ریاض نے مؤقف اپنایا کہ جس طرح اپنے یوٹیوب چینل پر ہتک آمیز بیانات جاری کیے تھے اسی چینل کے ذریعے معافی بھی مانگیں۔ 14 روز میں معافی نہ مانگی تو آپ کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ اس سے قبل بابر اعظم نے بھی مبینہ الزامات عائد کرنے پر اینکر و یوٹیوبر اور صحافی مبشرلقمان کو ایک ارب روپے ہرجانے کا ہتک عزت کا نوٹس بھیجا تھا۔ اینکرپرسن نے اپنی ویڈیو میں الزام عائد کیا تھا کہ بابراعظم نے میچز کے نتائج تبدیل کرنے کے لیے مہنگی گاڑیاں، دبئی اور آسٹریلیا میں اپارٹمنٹس حاصل کیے، جب کہ ان پر بکیز سے روابط کا الزام بھی عائد کیا گیا، جس میں ان کے ساتھ دیگر کھلاڑیوں اور کچھ سابق کرکٹرز کا نام بھی لیا تھا۔ اینکرپرسن نے خصوصی طور پر ٹی20 ورلڈکپ میں میزبان امریکا کے خلاف پاکستان کے افتتاحی میچ پر شکوک شبہات کا اظہار کیا گیا تھا، جس میں پاکستان کو سپر اوور میں شکست ہوئی تھی۔ اینکرپرسن نے خصوصی طور پر ٹی20 ورلڈکپ میں میزبان امریکا کے خلاف پاکستان کے افتتاحی میچ پر شکوک شبہات کا اظہار کیا گیا تھا، جس میں پاکستان کو سپر اوور میں شکست ہوئی تھی۔
وفاقی ادارہ شماریات نے حالیہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح بارے رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ملک بھر میں مسلسل 5 ہفتوں تک مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہونے کے بعد کمی واقع ہونا شروع ہو گئی ہے تاہم آٹے اور دالوں سمیت 18 اشیاء کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے میں مہنگائی کی شرح 0.73 فیصد کم ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح کم ہونے کے بعد 22.88 فیصد ہو گئی ہے۔ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق روزمرہ استعمال کی 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھی ہیں اور 8 کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔ رواں ہفتے ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 25.25فیصد، چکن 14.20فیصد، پیاز 3.90فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول 0.15فیصد، انڈے 0.09فیصد، بریڈ 0.81فیصد اور لہسن کی قیمت میں 2.80فیصد کمی ہوئی۔ اعدادوشمار کے مطابق آٹے کی قیمت 0.61فیصد، لکڑی 0.20فیصد، گڑ 0.87فیصد، آلو 0.99فیصد، دال ماش 0.32فیصد، دال مسور 1.79فیصد، دال مونگ 3.20فیصد، دال چنا 4.72فیصد اور ایل پی جی کی قیمت 5.38فیصد بڑھ گئی۔ حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے 17ہزار 732 روپے کمانے والے شہریوں کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.80 فیصد کم ہو کر 16.57فیصد ہو گئی۔ 17 ہزار 733 سے 22 ہزار 88 ماہانہ کمانے والے شہریوں کیلئے مہنگائی کی شرح 0.85فیصد کم ہو کر 20.30فیصد ہو گئی ہے۔ 29ہزار 517 روپے تک کمانے والے شہریوں کیلئے مہنگائی کی شرح 0.77فیصد کم ہو کر 26فیصد، 44 ہزار تک ماہانہ کمانے والے شہریوں کیلئے مہنگائی کی شرح 0.79فیصد کم ہو کر 23.30فیصد ہو گئی، 44 ہزار 176 روپے تک ماہانہ کمانے والے شہریوں کیلئے مہنگائی 0.67 فیصد کم ہو کر 20.53 ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں لاہور کی ہول سیل مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد دال چنا کی قیمت میں 3 ہزار روپے فی من اضافہ ہوا اور قیمت فی کلو قیمت 300 تک پہنچ گئی ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق دال چنا 250 روپے کلو ہے جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں قیمت 285 اور پرچون میں 300 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہورمیں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 100 روپے بڑھ کر 1700 روپے، راولپنڈی میں 1850 روپے جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلے کی قیمت 50 روپے بڑھ کر 850 روپے ہو گئی ہے۔ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے آٹے کی قیمت بڑھی، فلور ملز مالکان کا خدشہ ہے کہ آئندہ دنوں میں آٹے کی قیمت مزید بڑھے گی۔
پاکستان آزاد وخودمخار حیثیت سے اپنے اندرونی معاملات میں کوئی مداخلت قبول نہیں کریگا: قرارداد کا متن پاکستان میں 8 فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات میں بے ضابطگیوں اور مداخلت کی تحقیقات کے حوالے سے امریکی کانگریس میں منظور کی گئی قرارداد کےخلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور کر لی گئی۔ حکومتی رکنی قومی اسمبلی شائستہ پروہز ملک نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ 25 جون 2024ء کو امریکی ایوان نمائندگان کی طرف سے منظور کی گئی قرارداد "پاکستان میں جمہوریت کی حمایت کا اظہار" کا یہ ایوان نوٹس لے رہا ہے۔ قرارداد کے مطابق پاکستان 1973ء کے آئین کی روح کے تحت جمہوریت کے بین الاقوامی اصولوں اور اس میں درج کردہ بنیادی انسانی حقوق کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ یہ ایوان ہمارے بیان کے تصور اور عوام کی امنگوں کے مطابق مذکورہ بالا اصولوں کی حفاظت اور ان کی برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کی کوششوں اور مضبوط ومستحکم جمہوری معاشری کی تعمیر کا اعادہ کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان میں منظور کی گئی قرارداد واضح طور پر پاکستان کے انتخابی وسیاسی عمل بارے غلط فہمی اور نامکمل معلومات کا نتیجہ اور حقائق کے خلاف ہے جو انتہائی افسوسناک امر ہے۔ پاکستان میں 8 فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات میں کروڑوں پاکستانیوں کے حق رائے دہی کے آزادانہ استعمال کو تسلیم نہ کیا جانا بھی انتہائی افسوسناک ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک آزاد وخودمخار حیثیت سے اپنے اندرونی معاملات میں کوئی مداخلت قبول نہیں کریگا اور امریکی کانگریس سے منظور کی گئی قرارداد ایسا کرنے کی ایک کوشش ہے۔ یہ ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مضبوط، باہمی تعاون واحترام پر مبنی برابری کی بنیادپر دوطرفہ تعلقات قائم کیے گئے۔ یہ ایوان اس امید کا بھی اظہار کرتا ہے کہ آئندہ امریکی ایوان نمائندگان دونوں ملکوں کے باہمی فائدے کیلئے تعاون کی نئی راہوں پر توجہ مرکوز کرکے دوطرفہ تعلقات مضبوط کرنے میں تعمیری کردار ادا کرے گا۔ ایوان میں پیش کی گئی قرارداد کی سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی طرف سے مخالفت کی گئی اور اس دوران احتجاج کرتے ہوئے سائفر، سائفر کے نعرے لگاتے رہے اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر پھینک دیں۔ یاد رہے کہ 2 دن پہلے ہی امریکی ایوان نمائندگان کی طرف سے پاکستان میں 8 فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد دھاندلیوں اور مداخلت کے دعوئوں کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کے حق میں بھاری اکثریت سے قرارداد منظور کی گئی تھی۔ انتخابات میں بے ضابطگیوں کے دعوئوں یا مبینہ مداخلت کی تحقیقات کیلئے پیش کی گئی قرارداد کے حق میں 7 کے مقابلے 368 امیدواروں نے ووٹ کیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف میں مبینہ اختلافات کے باعث شہریار آفریدی نے قومی اسمبلی سے استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد شیرافضل خان مروت کی طرف سے بھی قومی اسمبلی سے استعفیٰ دینے کا عندیہ دیا گیا تھا جبکہ گزشتہ روز سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عمر ایوب خان نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کے استعفوں کی خبروں کے بعد پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بننے کی افواہیں گردش میں تھیں جن پر پی ٹی آئی رہنمائوں شہریار آفریدی، شیرافضل مروت اور شاندانہ گلزار نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ شہریار آفریدی نے پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بننے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں بیان دیتے ہوئے کہا: میرے خلاف پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، میں نے اپنے گھر کے تین جنازے اس لیے نہیں اٹھائے کہ میں خدانخواسہ تحریک انصاف میں کسی فارورڈ بلاک کا حصہ بنوں گا، ایک عمران خان ایک پاکستان! شیر افضل مروت نے تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک کی افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکائونٹ سے اپنے پیغام میں لکھا: جو عناصر پاکستان تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بننے کی افواہیں پھیلا رہے ہیں وہ پی ٹی آئی مخالف ہیں، پی ٹی آئی ایک ہے اور خان صاحب کی قیادت میں متحد ہے! پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شاندانہ گلزار نے ہیش ٹیگ لفافے مردہ باد، ہیش ٹیگ عمران خان تو آئیگا استعمال کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں لکھا: میرے تمام پاکستان تحریک انصاف کے بھائی بہنوں کے نام پیغام! میری بجٹ تقریر کے بعد سے میرا فون بلاک ہے اور ابھی ابھی میرا فون کھولا گیا ہے، پتہ چلا ہے کہ مجھے رنگ لیڈر بنانے کی ناکام کوشش ہو رہی ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے حوالے سے لکھا کہ: جیو نیوز ہمیشہ کی طرح استعمال ہو رہا ہے، میں پاکستان تحریک انصاف میں کسی بھی فارورڈ بلاک، بیک ورڈ بلاک، ایڈا بلاک کی ممبر نہیں ہوں۔ میری ایک پارٹی، ایک لیڈر اور ایک ایمان ہے، پاکستان!
صحافی ماجد نظامی نے ٹویٹ کیا 9 مئی مقدمات کے 33 ملزمان کا سامان مارکیٹ میں فروخت کرنے پر پولیس کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا گیا, فروخت شدہ سامان میں موبائل فونز، پاسپورٹ، ڈیبٹ کارڈز، گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس، برطانوی ویزا کارڈ اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔ تھانہ نیو ٹاؤن راولپنڈی میں ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ صحافی نعمت خان نے لکھا اس طرح کے واقعات قبائلی علاقوں میں سابقہ فوجی آپریشن کے دوران بھی ہوتے رہے ہیں۔ وزیرستان کے لوگ الزام لگاتے رہ ے ہیں کہ ان کے گھروں کا سامان شیخوپورہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بکتا رہا ہے۔ ہوسکتا ہے کچھ سامان خیبرپختونخوا کے بندوبستی اضلاع میں بھی بکا ہو۔ فواد چودھری نے کہا نو مئی کے پرچوں میں ہزاروں بے گناہ لوگوں کو پکڑا گیا سینکڑوں لوگوں کی تو گرفتاریاں ظاہر ہی نہیں کی گئیں، اسلام آباد، لاہور ، فیصل آباد، گوجرانوالہ کے تفتیشی کروڑ پتی ہو گئے اسلام آباد کی کہانیاں رونگٹے کھڑے کر دیتی ہیں ماں باپ نے اپنے برتن تک بیچے پولیس کو پیسے دینے کیلئے کہ ان کے بے گناہ بچوں کی جان چھٹے ، آن پاکستانیوں کی کہانیاں اب آ رہی ہیں اس ظلم کا بھی کوئی حساب ہو گا؟ راولپنڈی تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے ایک پولیس کانسٹیبل کے خلاف 9 مئی کی توڑ پھوڑ کے ملزمان سے چھینے گئے 33 موبائل فون سیٹ اور دیگر قیمتی سامان فروخت کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ مدعی کی جانب سے درخواست دائر ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف کے حکم پرمقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق کانسٹیبل صداقت نے گرفتار ملزمان سے قیمتی موبائل فون اور دیگر اشیاء برآمد کرکے نیو ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع مقامی مارکیٹ میں فروخت کی تھیں۔ کئی اہم شواہد بشمول گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس، برطانیہ کے ورک ویزا، قومی شناختی کارڈ، اور ملزمان کے بینک ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز پولیس اسٹیشن میں جمع نہیں کروائے گئے۔
پاکستان میں 8 فروری 2024ء کو ہونے والے انتخابات میں بے ضابطگیوں کے الزامات ومداخلت کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کروانے کے لیے امریکی ایوان نمائندگان میں 7 کے مقابلے میں 368 ووٹ سے نان بائنڈنگ قرارداد منظور کر لیا گیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں عوام کی جمہوری عمل میں شرکت روکنے کے لیے دھمکانے، ہراساں کرنے اور قید میں رکھنے کی مذمت کرتے ہیں۔ انٹرنیٹ وٹیلی کمیونیکیشن سہولیات کی فراہمی میں تعطل اور سول، انسانی وسیاسی حقوق کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستان کے عام انتخابات میں بے ضابطگیوں کے الزامات اور مداخلت کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کرنے کی قرارداد منظور ہونے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کی طرف سے شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ورکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے اس قرارداد کو پاک فوج کے خلاف صیہونی سازش و پراپیگنڈا قرار دے دیا ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان سے پاکستان میں عام انتخابات کی تحقیقات کیلئے منظور کی گئی یہ قرارداد پاک فوج کے خلاف صیہونی سازش وپراپیگنڈا ہے جسے کسی صورت مکمل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس میں قرارداد پاس کروانے کیلئے بھرپور لابنگ کی گئی جس پر سابق وزیراعظم عمران خان کے کزن جاوید برکی، پارٹی رہنما ڈاکٹر محمد آصف اور شہبازگل نے لاکھوں ڈالرز خرچ کیے ہیں۔ امریکی کانگریس میں پیش کی گئی اس قرارداد کے پیچھے وہی لوگ ہیں جنہوں نے ٹی ٹوینٹ ورلڈکپ کے پاک امریکہ کرکٹ میچ میں ایک جہاز بھی اڑایا تھا۔ علاوہ ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی امریکی کانگریس کی قراردادکے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ خواجہ آصف نے امریکہ کے گزشتہ انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے الزامات ومداخلت کی رپورٹس شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا: امریکی کانگریس کا پاکستان کے انتخابات میں بے ضابطگیوں کے دعوئوں کے بعد غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ! انہوں نے لکھا: یہ مطالبہ اس ملک کی طرف سے کیا جا رہا ہے جس نے 20 ویں صدی کا ایک بڑا حصہ جمہوری طور پر منتخب حکومتوں کا تختہ الٹنے میں گزار دیا اور اس وقت بھی معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی میں سہولت کاری کر رہا ہے۔ ان کی اپنی تاریخ دیکھیں کہ 2016ء اور 2020ء کے انتخابات میں ری پبلکن اور ڈیموکریٹس دونوں سیاسی جماعتوں نے دھاندلی وغیرملکی مداخلت کے الزامات عائد کیے، کیوں نہ اقوام متحدہ سے ان کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جائے؟ امریکی کانگریس میں منظور کی گئی اس قرارداد پر پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے آج نیوز کے پروگرام روبرو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد منظور ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ہائوس ریزولوشن 901 گزشتہ برس نومبر میں پیش کی گئی تھی جس پر 2 کانگریس مین نے مثبت وتعمیری باتیں کیں اور بحث میں کانگریس مین ڈین کلیڈی کی طرف سے تھوڑی پاکستان مخالف تنقید ہوئی جو نارمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے امریکہ میں بہت بڑے پیمانے پر لابنگ کی گئی جس کیلئے بہت سے فنڈز کا تبادلہ ہوا، یہ نہیں بتا سکتی کہ کسے؟ وہاں پر رواں برس انتخابات ہونے ہیں جس کیلئے بہت لابنگ ہو رہی ہے۔ پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب اپنا مفاد ہو تو یہ ملک کو بھی دائو پر لگا دیتے ہیں، فنڈنگ بھی اسی لیے ہو رہی ہے کہ پاکستان کو بری نظر سے دیکھا جائے، ہم بھی لابنگ کرتے ہیں لیکن کبھی ملکی ساکھ کو نقصان نہیں پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سائفر کا چکر چلایا کہ مداخلت ہوئی اب خود مداخلت کیلئے زور لگا رہے ہیں، پاکستانی سفارتی عملے نے جب کانگریس مین مچ مکارمک سے بات کی تو معاملہ کمزور ہو گیا لیکن یہاں واویلا کیا جا رہا ہے۔ بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انتخابات میں دھاندلی پر کئی رپورٹس آئیں لیکن انہیں کوئی فرق نہیں پڑا، کانگریس نے قرارداد پاس کی ایڈمنسٹریشن نے نہیں اس لیے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
گوگل میپس کی طرف سے عالمی طاقت امریکہ کے انتہائی خطرناک اور خفیہ ترین ہتھیار "سمندری شیطان" کا بھانڈا پھوڑ دیا گیا۔ امریکہ کے سان ڈیاگو نیول بیس کے قریب موجود ساحلوں کا سیٹلائٹ منظر دیکھنے والے گوگل میپس صارفین کو کیلیفورنیا کے پورٹ ہیونیم نیول بیس پر ایک غیرمعمولی چیز نظر آئی۔ بعدازاں پتہ چلا کہ یہ امریکی بحریہ کی انتہائی خفیہ "آٹونومس" آبدوز ہے جو بغیر کسی انسانی مدد کے چلتی ہے اور اسے مینٹارے کا نام دیا گیا ہے۔ مینٹارے آبدوز طویل مدتی مشنز کے لیے ڈیزائن کی گئی تھی اور اس کا مینٹارے نام رکھنے کی وجہ اس کے خدوخال اور بنیادی ساخت ہے جو ایک سمندری مخلوق مینٹارے سے ملتی جلتی ہے۔ مینٹارے کا پھسلواں ڈیزائن اسے کم پاور موڈ میں کام کرتے ہوئے پانی کی گہرائی میں لنگرانداز رہنے کی صلاحیت دیتا ہے۔ مینٹارے نامی اس خفیہ ہتھیار کو امریکی اسلحہ ساز کمپنی نارتھروپ گرومن نے طویل فاصلہ طے کرنے اور کم پاور موڈ کے ساتھ پانی کی گہرائی میں رہنے کیلئے امریکی بحریہ کے ہتھیاروں کی تیار کے ایک پروگرام کے حصے کے طور پر بنایا تھا۔ امریکہ کا بغیرپائلٹ زیرسمندر طویل مدت گزارنے کی صلاحیت کا حامل یہ بحری جہاز طویل رینج کے ساتھ بھاری پے لوڈ لے جانے کی صلاحیت سے لیس ہے۔ رپورٹس کے مطابق مینٹارے انتہائی جدید انڈرواٹر ڈرون ہے جو ایندھن بھرنے کی ضرورت کے بغیر سمندر کی تہہ پر طویل عرصے تک ہائبرنیٹ کرنے کی صلاحیت کا حامل بحری جہاز ہے۔ امریکی ڈیفنس ایڈوانسڈ ریسرچ پراجیکٹس ایجنسی میں مینٹارے کے پروگرام منیجر ڈاکٹر کائل ویرنر نے ایک نیوز ریلیز میں بتایا کہ یہ بحری جہاز پانی سے گزرنے کیلئے تیزرفتار گلائیڈنگ استعمال کرتا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے ٹیلیگراف کے مطابق جنوبی کیلیفورنیا کے ساحل پر اس بحری جہاز کی امریکی بحریہ نے سختی سے جانچ کی جس میں 3 مہینے سے زیادہ وقت لگا۔ مینٹارے آبدوز کی خصوصیات میں اس کا ماڈیولر ڈیزائن بھی شامل ہے جس میں مکتلف اقسام وسائز کے متعدد پے لوڈ شامل ہیں تاکہ بحری مشن کے سیٹس کی وسیع رینج ایڈجسٹ ہو سکے۔ مینٹارے کا ڈیزائن خصوصی بندرگاہ کی ضرورت کے بغیر کرافٹ الگ کرنے اور معیاری شپنگ کنٹینرز میں منتقل کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے، دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی بحریہ کا ڈرون ٹیکنالوجی تیار کرنے کا مقصد چین وروس کی آبدوز کارروائیوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ روسی انڈرواٹر ڈرونز کی رینج 6200 میل تک بتائی جاتی ہے جو ایٹمی وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور 115 میل (100 ناٹ) فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر سکتے ہیں۔
لاڑکانہ میں پولیس افسر کے بیٹے نے قانون کی دھجیاں اڑاکررکھ دیں، ایس ایچ او کا بیٹا نا صرف تھانے کا کرتا دھرتا بن گیا بلکہ لاک اپ میں قید طلباء کو بدترین تشدد کانشانہ بھی بناتا رہا، واقعہ کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے علاقے باڈہ میں ایس ایچ او کا بیٹا مبینہ طور پر تھانہ چلانے لگا ہے، ایس ایچ او کے بیٹے نے لاک اپ میں قید دو بھائیوں یاسر پٹھان اور مزمل پٹھان کو اپنے نجی گن مینز کے ہمراہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔ تشدد کا نشانہ بننے والے طلباء کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ یاسر پٹھان اور مزمل پٹھان ایک شادی سے واپس آرہے تھے، پولیس نے دونوں بھائیوں کو گرفتار کرکے لاک میں بند کیا جہاں دونوں بھائیوں کو تشدد تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ورثاء اور علاقے کے دیگر افراد کی بڑی تعداد دونوں بھائیوں کی گرفتاری کے بعد باڈہ تھانے پہنچی تو پولیس نے دونوں قیدیوں کو رہا کردیا جبکہ واقعہ کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ڈی ایس پی لاڑکانہ نے ایس ایچ او باڈہ رحمت اللہ سولنگی اور چار اہلکاروں کو معطل کرکے تحقیقات کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ترجمان پولیس کے مطابق ڈی ایس پی حیدری میڈم پارس بکھرانی کے ساتھ تھانہ باڈہ پہنچے اور انہوں نے تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوانوں اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔
بلوچستان سے کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر سمیت 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، کالعدم ٹی ٹی پی کے دفاعی شوریٰ کمانڈر نے اپنے بیان میں بی ایل اے اور راء کے گٹھ جوڑ کے حوالےسے انکشافات کیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کوئٹہ میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا ایک اہم نیٹ ورک پکڑا گیا ہے، گرفتار دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کے 2 اہم کمانڈرز نصر اللہ عرف مولوی منصور اور کمانڈر ادریس عرف ارشاد شامل ہیں۔ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ نصر اللہ عرف مولوی منصور کو ایک مشکل آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا،ان کارروائیوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے ،بھارت ان دہشت گردوں کی مالی مدد کرتا ہے،گمراہ لوگ اپنے ملک صوبے و لوگوں کو نقصان پہنچارہے ہیں، باہر بیٹھے نوجوانوں کو ورغلایا جارہا ہے، نوجوان دشمن کے عزائم کو پہنچانیں اور ان کو ناکام بنائیں۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی کسی شک کی گنجائش نہیں کہ تمام کارروائیوں کے پیچھے عالمی سطح کے دہشت گرد بھارت کا ہاتھ ہے، اس بھارت کی کارروائیوں سے امریکہ و کینیڈا تک لوگ محفوظ نہیں ، بھارت گزشتہ 20 سال سے افغانستان میں بیٹھ کرصرف پیسے کا استعمال کرکے دہشت گردی میں ملوث ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ کے بیان سے قبل دہشت گرد کا ویڈیو بیان بھی نشر کیا گیا جس میں نصر اللہ عرف مولوی منصور کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران فرار ہوکر افغانستان گیا اور پریکتیکا میں رہنے لگا، گزشتہ 16 سالوں کےد وران پاکستان میں ہونےو الی دہشت گردی کی کارروائیوں میں حصہ لیا اور پاک فوج پر متعدد حملے کیے۔ مولوی منصور نے انکشاف کیا کہ جنوری 2024 میں ٹی ٹی پی کے امیر مفتی نور علی محسود وزیر دفاع مفتی مزاحم نے مجھے قندھار سے بلایا گیا مجھے بتایا گیا کہ ایک خاص مقصد کیلئے بلوچستان جانا ہے ، یہ پلان بی ایل اے کمانڈر بشیر زیب کے ساتھ مل کر بنایا اور اس ساری کارروائی کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی راء کا ہاتھ تھا جو چاہتی تھی کہ بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کا الحاق ہوجائے اور ٹی ٹی پی بلوچستان کے علاقے خضدار میں مراکز قائم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پاؤں جمانے کیلئے ہمارے اور راء کے 3 مقاصد تھے، جس میں سی پیک کو سبوتاژ کرنا اس کیلئے چینی باشندوں کو نشانہ بنانا، دوسرا لوگوں کو اغوا کرکے جبری گمشدگیوں کے معاملے کو ہوا دینا تھا تاکہ ریاستی اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جاسکے اور تیسرا بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے لوگوں میں بے چینی اور مایوسی پھیلانا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں پاکستان اور بھارت کو انسانی اسمگلنگ کے معاملے پر ایک ہی درجہ پر رکھا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انسانی اسمگلنگ کے معاملے پر امریکی محکمہ خارجہ نے سالانہ رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے کم از کم معیار پر پورا نہیں اترتے، دونوں ملکوں کو اس رپورٹ میں درجہ دوم میں شامل کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دونوں ملکوں کی حکومتیں انسانی اسمگلنگ کے کم از کم معیارات کو پورا کرنے کیلئے کوششیں کررہی ہیں، پاکستانی حکومت نے مجموعی طور پر زیادہ کوشش کی،پاکستان کی کوششوں میں انسانی اسمگلروں کو گرفتار کرنا اور پراسیکیوشن کو بڑھانا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان سنجیدہ ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں چار اعشایہ پانچ ملین افرادجبری مشقت کرنے پر مجبور ہیں، یہ لوگ اینٹوں کے بھٹے، قالین ، کوئلہ اور زراعت کے شعبوں میں انسانی اسمگلروں کے ہاتھوں جبری مشقت کرنے پر مجبور ہیں۔
پاکستان نے امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستان کے انتخابات کے حوالے سے منظور کردہ قرار داد پر ردعمل دیتے ہوئے اسے پاکستانی انتخابی عمل سے لاعلمی کا نتیجہ قرار دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے 8 فروری کے انتخابات کے حوالے سے انتخابی دھاندلی کے دعوؤں سے متعلق امریکی ایوان نمائندگان کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی قرارداد کی منظوری کے حوالےسے ردعمل دیدیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہر بلوچ نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان میں منظور کی گئی قرارداد کا پاکستان نے نوٹس لیا ہے، مخصوص افراد کا وقت اور سیاق و سباق دو طرفہ تعلقات سے موافق نہیں ہے، یہ قرارداد پاکستانی انتخابی عمل و سیاسی سوجھ بوجھ سے عاری ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان تعمیری بات چیت اور مشغولیت پر یقین رکھتا ہے، ایسی قراردادیں تعمیری یا بامقصد نہیں ہے، پاکستان دنیا کی دوسری سب سے بڑی پارلیمانی جمہوریت اور مجموعی طور پر دنیا کی پانچویں سب سے بڑی جمہوریت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے قومی مفاد کے مطابق آئین پر عملداری، انسانی حقوق و قانون کی حکمرانی کی اقدار کا پابند ہے، امید کرتے ہیں کہ امریکی کانگریس باہمی تعاون کی راہوں پر توجہ مرکوز کرے گی۔ خیال رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستان کے فروری 2024 میں ہونے والے انتخابات میں مبینہ طور پر مداخلت یا بے ضابطگیوں کے دعوؤں کی مکمل اور آزادنہ تحقیقات کے حوالے سے ایک قرارداد منظور کی ہے جس کے حق میں 368 جبکہ مخالف میں 7 ارکان نے ووٹ دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے پر قومی ٹیم پر الزامات لگانے والے یوٹیوبرز کے خلاف لیگل ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ چند روز میں پی سی بی کی جانب سے ایک درج سے زائد یوٹیوبرز کے خلاف لیگل ایکشن لیا جاسکتا ہے، ان یوٹیوبرز نے پاکستانی کھلاڑیوں پر امریکہ اور بھارت کے خلاف میچز میں میچ فکسنگ کے الزامات عائد کیے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے کھلاڑیوں پر الزامات عائد کرنے والے یوٹیوبرز کی جانب سے عائد الزامات کا ڈیٹا اکھٹا کرنا شروع کردیا ہے جس کے بعد ان یوٹیوبرزکے خلاف لیگل ایکشن لیا جائے گا۔
حکومت کے نقصان میں چلنے والے اداروں کے خسارے کا حجم 905 ارب تک پہنچ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاق کے ملکیتی ریاستی اداروں کے مالی نقصانات کے حوالے سے رپورٹ سامنے آگئی ہے، رپورٹ کے مطابق ان اداروں کے خساروں کا حجم 905 ارب تک پہنچ گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2022-23کے دوران وفاقی ریاستی ملکیتی اداروں کے مالی نقصانات میں 23 فیصد اضافہ ہوا، توانائی کے شعبے میں نقصانات 304 ارب تک پہنچ گئے جبکہ حکومت نے توانائی سمیت دیگر کئی اداروں کو 1021 ارب روپے کی مالی امداد بھی دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 10 سال کے دوران پاک ریلویز، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نقصانات 5 ہزار 595 ارب سے تجاوز کرگئے ہیں جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سمیت توانائی کے شعبے پر 759 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ حکومتی رپورٹ کے مطابق گردشی قرضہ خسارے کی وجہ سے 4 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرگیا ہے۔ سرکاری اداروں کے اثاثوں کی بک ویلیو 35 ہزار 218 ارب روپے رہی جبکہ سرکاری اداروں کے ذمہ واجبات میں 20 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 29 ہزار 721 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں، گزشتہ مالی سال کے دوران کچھ اداروں نے703 ارب کا منافع بھی کمایا ہے جس کے بعد حکومت کے نیٹ نقصانات 202 ارب روپے کے سطح پر آگئے ہیں۔
کراچی میں گولڈ میڈلسٹ انجینئر اتقا معین قتل کیس کے مرکزی ملزم کے عدالت سے فرار کا انکشاف ہوا,پولیس کے مطابق ملزم ظاہر کو گزشتہ روز جیل سے پیشی کے لیے عدالت لایا گیا تھا، 4 بج کر 10 منٹ پر ملزم کو کورٹ سے سٹی کورٹ لاک اپ جاتے دیکھا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق سٹی کورٹ لاک اپ جانے کے بعد ملزم ظاہر غائب ہو گیا، سٹی کورٹ سے جیل منتقلی کے دوران قیدیوں کی تعداد مکمل تھی، جیل پہنچ کر گنتی میں ایک قیدی کم پایا گیا تو ملزم کے فرار کا انکشاف ہوا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے فرار کا مقدمہ سٹی کورٹ تھانے میں کانسٹیبل اشتیاق احمد کے خلاف درج کر لیا گیا,ملزم کانسٹیبل اشتیاق احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’قیدیوں کو روانہ کرنے کے لیے میں نے گیٹ کھولا، تو ملزم ظاہر علی مجھے دھکا دے کر بھاگا اور گاڑی کی آڑ میں مین گیٹ سے فرار ہو گیا۔‘‘ ایف آئی آر متن کے مطابق کانسٹیبل اشتیاق سمیت دیگر عملہ ملزم کے پیچھے بھاگا، لیکن ظاہر علی رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا,کورٹ پولیس کے مطابق اشتیاق احمد 59 سال کا معمر سپاہی ہے، 2 مہینے بعد گرفتار کانسٹیبل کی ریٹائرمنٹ بھی ہے، کورٹ پولیس نے بھی بتایا کہ ملزم نے کانسٹیبل کو دھکا دے کر گرا دیا تھا اور فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ایس آئی یو پولیس نے ملزم ظاہر کو بلوچستان سے گرفتار کیا تھا, گولڈ میڈلسٹ انجینئر اتقامعین کو کراچی میں موٹر سائیکل چھیننے کے دوران قتل کر دیا گیا تھا,مقتول گولڈ میڈلسٹ تھا اور اس کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا تھا کہ ایک ملزم سے اتقا کافی دیر سے مزاحمت کررہا تھا، موٹر سائیکل پر بیٹھے ملزم نے گولی چلائی جس کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا۔ ڈکیتی مزاحمت پر قتل شہری کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ارتقا بچوں کی چیز لینے کل شام بیکری تک گیا تھا، بیکری سے واپسی پر ڈاکو پیچھے لگے اور واردات کی,بھائی عباد کا کہنا تھا کہ ارتقاء کو گولیاں مارنے کے بعد تلاشی لی، ملزمان موبائل فون، نقدی، موٹر سائیکل چھین کر لے گئے، ارتقا یونیورسٹی میں گولڈ میڈلسٹ، کیمیکل انجینئر تھا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور نیشنل ایکشن پلان کے ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کی بھی تصدیق کر دی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے اجلاس میں آپریشن عزم استحکام کی منظوری دیدی اور وزیراعظم نے اس حوالے سے قیاس آرائیوں پر کہا کہ عزم استحکام ماضی کے آپریشن کی طرح نہیں ہے، اس کے تحت صرف انٹیلی جنس بیسڈ بنیادوں پر شرپسندوں کیخلاف کارروائی ہو گی، عام شہریوں کے گھروں میں ایسی کوئی کارروائی نہیں ہو گی۔ دوسری طرف ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے آپریشن عزم استحکام کے معاملے پر جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا فیصلہ تحریک انصاف کی قیادت میں آج ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں اور خیبرپختونخوا بھر کے قبائلی عمائدین کے ساتھ اس جرگے کو پشاور میں 26 جون کو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ آپریشن عزم استحکام کے خلاف پارلیمنٹ میں قرارداد منظوری کیلئے پیش کیے جانے کا بھی امکان ہے اور اس کی سفارشات کی روشنی میں قومی وصوبائی اسمبلیوں کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ پشاور میں ہونے والے جرگے کے فیصلوں کو قرارداد کی صورت میں قومی وصوبائی اسمبلیوں میں پیش کیا جائے گا۔ سینئر صحافی مغیث علی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا: آپریشن عزم استحکام کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کا جرگہ بلانے کا فیصلہ،پشاور میں خیبرپختونخوا بھر سے عمائدین اور رہنماوں کے ساتھ کل جرگہ کا امکان، تیاریاں جاری،سفارشات صوبائی و قومی اسمبلی میں اُٹھائی جائیں گی۔۔۔!!! مغیث علی نے ایک اور پیغام میں لکھا: پی ٹی آئی قبائل امن جرگہ کے بعد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان، آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ اور وقت کا تعین جلد کیا جائے گا،قبائلی جرگہ رنگ روڈ حیات آباد ٹول پلازہ کے قریب کل 3 بجے منعقد ہوگا،مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا۔۔۔!!!
افغانستان میں برسراقتدار طالبان حکومت کے اہم رہنما کی طرف سے افغانستان کرکٹ ٹیم کےپہلی بار ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد بھارت کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ سپر8 مرحلے کےآخری میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت افغانستان نے بنگلا دیش کو 8 رنزسے شکست دی تھی اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا جس پر قطر میں افغان طالبان کے سربراہ واقوام متحدہ میں نامزد مستقل نمائندے سہیل شاہین نے بھارتی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ سہیل شاہین کا بھارتی حکومت کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ افغان کرکٹ کی بہتری کے لیے ہم بھارتی حکومتی کے مسلسل تعاون کرنے پر ان کے شکرگزار ہیں اور اس کی قدر کرتے ہیں۔ بھارت نے پچھلے کئی سالوں سے افغان کھلاڑیوں کو اپنے سٹیڈیمز میں تربیت دے رہا ہے اور انہیں بھارتی کمپنیوں کی طرف سے سپانسر شپ دینے کے علاوہ 1 ملین ڈالر کی بھارتی گرانٹ سے قندھار کرکٹ سٹیڈیم بھی تعمیر کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی طرف سے گریٹر نوئیدا میں شہیدوجے سنگھ پاتھک سپورٹس کمپلیکس افغان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے عارضی ہوم گرائونڈ قرار دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ افغانستان مولوی امیر خان متقی نے بھی افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان کو فون کر کے ورلڈکپ سیمی فائنل میں پہنچنے پر قوم کی طرف سے مبارکباد پیش کی اور آئندہ مزید کامیابی کیلئے دعائیں دینے کے ساتھ اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ واضح رہے کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم کسی بھی کرکٹ فارمیٹ کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے، افغان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپر8 مرحلے میں پہلے آسٹریلیا کو شکست دی اور پھر بنگلہ دیش کر ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ ورلڈکپ سیمی فائنل میں پہنچنے پر افغانستان کے مختلف شہروں میں عوام نے گھروں سے نکل کر فتح کا جشن منایا، آتشبازی کے ساتھ ساتھ ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص کرتے رہے، افغانستان اب 27 جون کو سیمی فائنل میچ میں جنوبی افریقہ کے مدمقابل ہو گا۔
بنوں میں خواجہ سراؤں نے ساتھی پر تشدد کے واقعہ پر آر پی او آفس کے باہر احتجاج کیا اور سڑک بلاک کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بنوں میں خواجہ سراء کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعہ پر خواجہ سراؤں نے احتجاج شروع کردیا ہے، مظاہرین نے آرپی او آفس کے باہر سڑک بند کردی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، خواجہ سراؤں نے بنوں پریس کلب پہنچ کر پریس کانفرنس بھی کی۔ اس موقع پر تشدد کا نشانہ بننے والے خواجہ سرا نیشہ نے کہا کہ وہ ایک پروگرام سے واپس آرہی تھی کہ ممش خیل میں دو ملزمان نے مجھے پکڑ کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا، میرے بال منڈوادیئے اور موبائل فون سمیت دیگر سامان چھین لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ملزمان کو سزا نہیں ملے گی ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، میری زندگی برباد کردی گئی ہے، میں اپنے دوستوں اور عزیزوں کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہی، خواجہ سراؤں کے ساتھ ہونے والے ظلم و ناانصافی کو بند ہونا چاہیے۔
برطانیہ میں قید وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کو امریکی ڈیل کے تحت رہائی مل گئی, جولین اسانج نے رہائی پانے کے بعد آبائی وطن آسٹریلیا روانہ ہوگئے, جولین اسانج کو امریکی حکام سے ایک معاہدہ کے بعد رہا کیا گیا,جس کے تحت اب وہ اعتراف جرم کریں گے لیکن انھیں سزا نہیں دی جائے گی۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 52 سالہ جولین اسانج کو لندن کی ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے پر ڈیل کے تحت بیلمارش جیل سے سیدھا ایئرپورٹ لے جایا گیا۔ وہ برطانیہ میں 5 سال سے زائد عرصہ تک قید رہے۔ ڈیل کے تحت امریکی محکمہ انصاف کے پراسیکیوٹر عدالت سے جولین اسانج کو 62 ماہ قید کی سزا دینے کی استدعا کریں گے۔ یہ اتنی ہی سزا ہے جو جولین اسانج پہلے ہی برطانیہ میں کاٹ چکے ہیں۔ امریکی عدالت بدھ کے روز جولین اسانج کی جانب سے اعتراف جرم کے بعد اسی بنیاد پر ان کی رہائی کا حکم دے گی۔ 2019 سے جیل میں قید جولین اسانج خفیہ معلومات افشا کرنے پر امریکا کو مطلوب تھے۔ انہیں جاسوسی اور کمپیوٹر کا غلط استعمال کرتے ہوئے دستاویزات شیئر کرنے سے متعلق 17 مقدمات کا سامنا تھا. ان پر الزام تھا کہ انہوں نے 2010 اور 2011 میں سفارتی پیغامات اور خفیہ عسکری معلومات شائع کی تھیں جن میں امریکی فوجیوں کے عراق اور افغانستان میں شہریوں کی ہلاکتوں میں ملوث ہونے سے متعلق معلومات شامل تھیں۔ برطانوی ہائیکورٹ نے 2021 میں جولین اسانج کو امریکا کے حوالے کرنے کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔ برطانوی سپریم کورٹ نے 2022 میں ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عباس آفریدی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف سیاست سے آؤٹ ہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عباس آفریدی نے سنو ٹی وی کے پروگرام نیوز بیٹ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جھوٹ بولنے والا، منافقت کرنے والا اور چاپلوسی کرنے والا شخص ہی سیاست کرسکتا ہے، میں نے ن لیگ اور سیاست چھوڑ دی ہے، مجھے بطور ن لیگی رہنما پروگرامز میں نا بلایا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا نواز شریف سے دوستی کا تعلق برقرار رہے گا ،میری سیاست بھی نواز شریف تک تھی، وہ پارٹی کے صدر اور لیڈر ہیں مگر وہ عملی سیاست سے آؤٹ ہوچکے ہیں، نواز شریف سیاست چھوڑ چکے ہیں یہ میں بریکنگ نیوز دے رہا ہوں۔ ن لیگی رہنما نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں نا کسی اور جماعت میں جارہا ہوں اور نا ہی میں اب ن لیگ کا حصہ ہوں ، میں نے صرف ن لیگ ہی نہیں بلکہ سیاست کو ہی خیر آباد کہہ دیا ہے۔

Back
Top