
گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے انتخابات کی تاریخ دینے کیلئے الیکشن کمیشن کی کمیٹی سے مزید ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی نے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی سے ملاقات کی، اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا نے کمیٹی سے آئندہ ہفتے آکر ملنے کیلئے کہا ۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے گورنر خیبر پختونخوا پر واضح کیا کہ گورنر الیکشن کی تاریخ دینے کے پابند ہیں، گورنرجلد از جلد تاریخ دیں تاکہ صوبے میں 90 روز کے اندر انتخابات منعقد کروائے جاسکیں۔
بعد ازاں گورنر خیبر پختونخوا نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وفد سے ملاقات میں انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے، جلد قوم کو خوشخبری دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا عید کا چاند دیکھنے سے بھی مشکل کام ہے،میں خود پیر یا منگل کو الیکشن کمیشن کے دفتر جاؤں گا، امید ہے الیکشن کمیشن کے ساتھ اجلاس میں کسی حتمی فیصلے پر پہنچ جائیں گے، ہمیں ایسا فیصلہ کرنا ہوگا جس سے عوام کسی مشکل میں نا پڑیں۔
گورنر کے پی کے نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں انتخابات پنجاب سے مختلف ہوں گے، یہاں کی امن و امان کی صورتحال پنجاب سے مختلف ہے، کوئی ایسا دن نہیں گزرتا کہ خیبر پختونخوا میں کسی جگہ پر کوئی حملہ نہیں ہوتا۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے الیکشن شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق صوبے میں 30 اپریل کو انتخابات ہوں گے جبکہ امیدوار12 سے 14 مارچ تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرواسکتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/18jaighalamaalai%3B.jpg