
کراچی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کا کرمنل ریکارڈ اکھٹا کرلیا ہے جس کے مطابق علی زیدی کراچی کے مزید تین تھانوں کو مطلوب ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اس وقت کراچی کے تھانہ ابراہیم حیدری میں زیر حراست ہیں ، انہیں دھوکہ دہی کے مقدمے کے تحت گرفتار کیا گیا ہے، پولیس کی جانب سے علی زیدی کا شہر بھر سے کرمنل ریکارڈ اکھٹا کیا گیا جس کے مطابق سولجر بازا،سائٹ اور فیروزآباد تھانوں میں بھی علی زیدی کے خلاف مقدمات درج ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ان تینوں تھانوں کی پولیس کو علی زیدی دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمات میں مطلوب ہیں۔
علی زیدی کی جانب سے پولیس کو دیئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد کراچی کے مختلف حلقوں سے الیکشن لڑا،2018 میں کراچی کے حلقہ این اے244 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوا، جس کے بعد پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت کا قلمدان ملا، یہ مقدمات میرے خلاف سیاسی رنجش کی بنا پر قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تینوں تھانوں میں درج مقدمات میں مجھے ضمانت ملی ہوئی ہے، عدالت میں ان کیسز کی تاریخوں پر پیش ہورہا ہوں، مجھ پر جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے ہیں، میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، دھوکہ دہی کا مقدمہ بھی جھوٹ پر مبنی ہے، میرا مدعی مقدمہ سے لین دین کا کوئی معاملہ نہیں رہا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/4aliziadimatlon.jpg