کیا چوہدری نثار کو واقعی وزیراعلیٰ پنجاب بنایا جارہا ہے؟
میڈیا پر یہ خبریں عام ہیں کہ چوہدری نثار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنایا جارہا ہے۔ دراصل یہ خبریں پھیلانے والے دو ہی عناصر ہیں۔۔ ایک میڈیا اور دوسرا چوہدری نثار خود۔۔۔ میڈیا یہ خبر پھیلارہا ہے تو اسکے پیچھے دو ہی وجوہات ہیں ۔ پہلی چوہدری نثار چونکہ صوبائی اسمبلی کا حلف اٹھانے جارہے ہیں اسلئے یا تو انہیں اس ہزیمت سے بچایا جارہا ہے کہ وہ چھوٹی سیٹ پر حلف لے رہے ہیں جو انکے شایان شان نہیں ۔ دوسرا وجہ یہ ہے کہ میڈیا اپنی دکانداری چمکانے کیلئے ایسی خبریں پھیلا رہا ہے ۔۔ اگر چوہدری نثار یہ خبریں پھیلارہے ہیں اسکے پیچھے پہلی وجہ تو یہ ہوسکتی ہے کہ وہ خود کو چھوٹی سیٹ کی ہزیمت سے بچانا چاہتے ہیں۔۔ دوسری وجہ اپنی اہمیت جتلانا اور اپنی سیاست کو زندہ رکھنا ہے اور وہ اسٹیبلشمنٹ کی گڈبک میں ہیں۔
الیکشن 2018 سے پہلے جب 35 سے زائد امیدوار جیپ اور مٹکے کے انتخابی نشان پر لڑرہے تھے تو دعویٰ کیا جارہا تھا کہ یہ تمام لوگ جیت کر چوہدری نثار سے مل جائیں گے اور چوہدری نثار آئندہ وزیراعظم ہوں گے۔۔اس وقت جب یہ سوال ہوتا تھا کہ چوہدری نثار 25 سے 30 آزاد لوگوں کو ملاکر کیسے وزیراعظم بن سکتا ہے تو جواب یہ دیا جاتا تھا کہ اگر عمران خان کو مطلوبہ اکثریت نہ ملی تو یہ ایم این ایز چوہدری نثار کیساتھ ملیں گے اور ن لیگ اور دیگر جماعتیں چوہدری نثار کو ووٹ دیکر وزیراعظم بنائیں گی لیکن الیکشن میں رزلٹ الٹا ہوا۔۔ چوہدری نثار غلام سرور خان سےدونوں سیٹوں سے ہار گئے۔۔ ایک ایم پی اے کی سیٹ بھی ہار گئے جو دوسری ایم پی اے کی سیٹ انہوں نے جیتی اسکی وجہ یہ تھی کہ تحریک انصاف نے خانہ پری کیلئے ایک ایسی خاتون کو کھڑا کیا تھا جس کا نہ ذاتی ووٹ بنک تھا اور نہ ہی علاقے کے لوگ اسے جانتے تھے۔ اگر کوئی تھوڑا سا مضبوط امیدوار کھڑا ہوتا تو شاید چوہدری نثار یہ سیٹ بھی نہ جیت پاتے۔۔
اگر چوہدری نثار ایم این ایز کی سیٹ سے جیت جاتے تو انکے بارے میں پہلے دن سے آج تک یہی خبریں آتیں کہ عمران خان کو ہٹاکر چوہدری نثار کو وزیراعظم بنایا جارہا ہے یا اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان کو خبردار کردیا کہ ہماری بات مانو ورنہ ہم اپنے بندے چوہدری نثار کو وزیراعظم بنوادیں گے یا فلاں فلاں جماعت نے اندرون خانہ چوہدری نثار کو وزیراعظم بنانے کی کوششیں شروع کردیں
ذرا خود سوچئے کہ چوہدری نثار کو وزیراعلیٰ بنائے گا کون ؟ ن لیگ؟ کیا نوازشریف اور مریم نواز چوہدری نثار کو قبول کرلیں گے؟ اگر تحریک انصاف بنائے گی تو سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا چوہدری نثار کو غلام سرور خان، راجہ بشارت اور پنڈی کی قیادت قبول کرے گی؟ کیا چوہدری نثار کو تحریک انصاف کے نظریاتی کارکن اور ایم پی ایز قبول کریں گے؟ چوہدری نثار کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا ایک فیصد بھی چانس نہیں۔۔ چوہدری نثار عارف حمید بھٹی، صابرشاکر، ڈاکٹرشاہد مسعود اور اس جیسے دوسرے گپ باز اینکرز کے ٹاک شوز میں وزیراعلیٰ بن سکتا ہے لیکن حقیقت میں نہیں۔۔ بات تلخ ہے لیکن سچ ہے کہ چوہدری نثار نہ تین میں ہے نہ تیرا میں ہے۔۔