کرکٹ دورے منسوخی،وزیراعظم کا بیرونی سازشوں کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ

7.jpg

نیوزی لینڈ اور برطانیہ کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے معاملے پروزیراعظم عمران خان نے بیرونی سازشوں کو بے نقاب کرنے اور حقیقت دنیا کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دونوں ملکوں کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے الزامات عائد کرکے دورہ منسوخ کرنے کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے سینئر وزراء اور پی سی بی عہدیداران سے مشاورت کے بعد بیرونی سازشوں کو بے نقاب کرنے اور حقائق دنیا کے سامنے لانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے اس حوالے سے اپنی سیاسی ٹیم سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے ، اس کے علاوہ وزیراعظم کی کل قومی ٹی 20 اسکواڈ سے ملاقات بھی طے کی گئی ہے جس میں نئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ، سی ای او وسیم خان اور دیگر اعلی عہدیداران کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔


وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دونوں دوروں کی منسوخی کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیراطلاعات فواد چوہدری کو حقائق عوام کے سامنے رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

وزیراعظم کی ہدایت پر حکومتی ٹیم جعلی اکاؤنٹس کی ای میلز، فیک نیوز اور دیگر منفی پراپیگنڈے کے حوالے سے حقائق اکھٹا کرکے عوام کے سامنے رکھیں گے، اس حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے جلد اہم پریس کانفرنس بھی متوقع ہے۔
 
Last edited by a moderator: