کراچی:ڈکیتی و قتل کی وارداتوں میں ہوشربا اضافہ، مزاحمت پر ڈلیوری بوائے قتل

online-food-delivery-mr.jpg


شہر قائد میں ڈکیتی کی وارداتوں میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے جبکہ لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کے واقعات میں بھی بڑھے رہے ہیں جو کہ جرائم پیشہ افراد کی بے خوفی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اب کراچی میں سپرہائی وے پر ہونے والی ایک نئی لوٹ مار کی واردات کے دوران ڈاکوؤں نے آن لائن ڈلیوری سروس کے ملازم کو قتل کر دیا اور فائرنگ سے ایک شخص زخمی بھی ہو گیا۔ کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق مقتول کی شناخت 38 سالہ شہاب بہادر کے نام سے ہوئی ہے جو گلستان جوہر پہلوان گوٹھ کا رہائشی اور آن لائن ڈلیوری کرنے والا تھا۔

ایس ایچ او گلشن معمار کے مطابق متوفی کے ورثاء نہیں آئے جس کے باعث لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب نارتھ کراچی اور مچھر کالونی میں ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں مزاحمت پر اے ایس آئی سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہراہ فیصل پر 48 گھنٹوں کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل اور 6 افراد کو زخمی کردیا۔ سپر ہائی وے افغان کٹ کے علاقے گلشن معمار کے قریب اتوار اور پیر کی درمیانی شب 4 بجے کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ایک شخص کو گولی مار کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

علاوہ ازیں سچل کے علاقے سپرہائی وے جمالی پل کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران فائرنگ کرکے ایک شخص کو زخمی کردیا اور لوٹ مار کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت نور خان کے نام سے ہوئی ہے۔