
کراچی کے علاقے صدر میں چینی نژاد پاکستانی شہریوں پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں چینی نژاد پاکستانی شہریوں ُر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمی افراد میں ایک چینی شخص اور اس کی بیوی شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مرنے والا شخص رونلڈ رائمند چائوکلینک میں کیشیئر کے طور پر کام کرتا تھا جبکہ حملہ آور مریض بن کر کلینک میں آیا تھا اور دانتوں کی فلنگ کروانے کے لیے کافی دیر وہاں بیٹھا رہا۔ زخمی ہونے والے ڈاکٹر ایچ یو رچرڈ اور ان کی بیوی مارگ ریڈ کو نجی ہسپتال منتقل کرنے کے بعد طبی امداد دی جا رہی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سائوتھ اسد رضا کا واقعے کے حوالے سے کہنا تھا گنجان آباد علاقے میں قائم کلینک میں حملہ آور مریض بن کر آیا۔ حملہ آور نے کافی دیر کلینک میں موجود رہنے کے بعد 9 ایم ایم پسٹل سے فائرنگ کر دی جس سے کلینک پر موجود کیشیئر رونلڈ رائمند چائو کو بھی گولی لگی جو ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا جبکہ ڈینٹل ڈاکٹر ایچ یو رچرڈ اور ان کی بیوی ڈاکٹر مارگ ریڈ شدید زخمی ہو گئیں جنہیں نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمیوں کی حالت اب کچھ بہتر بتائی جا رہی ہے جبکہ وقوعے کی جگہ سے 9 ایم ایم پستول کی گولیوں کے 9 خول برآمد کر کے فرانزک کے لیے بھجوا دیئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پولیس حکام نے کلینک کے اطراف سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں۔ پولیس کی طرف سے اسے دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا جا رہا جس کے بعد کراچی کے علاقے صدر میں ہونے والی کی یہ تیسری دہشت گردانہ کارروائی ہے جبکہ اس سے پہلے کچھ ہی فاصلے پر بم دھماکہ ہوا جبک میٹھادر کے علاقے میں بھی ایک بم دھماکہ ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام خطوط پر تحقیقات کی جا رہی ہیں، شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔
کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بھی اس حوالے سے کام کر رہا ہے جبکہ قریبی مارکیٹ سے کچھ گواہوں کے بیانات بھی قلمبند کیے گئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کلینک کے اندر کی گئی جبکہ حملہ آور کو آتے کسی عینی شاہد نے نہیں دیکھا۔ فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لینے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے قاتلوں کی گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے چینی باشندے کی ہلاکت کی مذمت کی اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لے لیا اور چیف سیکرٹری سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات ناقابل برداشت ، ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11edhiambulance.jpg