چکوال جلسہ:عمران خان نےاگر تقریر کی تو اسکا پس منظرتھا:فواد چودھری کی وضاحت

chakwal-jalsa-fawad-ch-imran-khn-speech-dp.jpg


سابق وزیر اعظم عمران خان کی گزشتہ روز چکوال جلسے کی گرما گرم تقریر کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی وضاحت سامنے آگئی۔

نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہم فوج سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، عمران خان کی پیر کے روز تقریر کا ایک پس منظر تھا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے خرم دستگیر نے کہا تھا انہیں کہا گیا کہ عمران خان اپنی مرضی کا آرمی چیف لے آئے گا اور ہم سب جیلوں میں ہوں گے ۔ اس وقت آئی ایس پی آر کو خرم کو شٹ اپ کال دینی چاہیے تھی بعد میں یہ کام جاوید لطیف اور مریم نواز نے کیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اب خرم دستگیر نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری نوازشریف نے کرنی ہے، پاکستان کا آفیشل سیکرٹ ایکٹ تو وزیراعظم کو اس بات سے منع کرتا ہے، عمران خان نے اس پس منظر میں یہ بات کہی تھی۔

سابق وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ کس طرح عدالتی سزا یافتہ شخص آرمی چیف کی تقرری کا فیصلہ کر سکتا ہے؟


یاد رہے کہ گزشتہ روز چکوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ گمنام نمبروں سے دھمکیاں دینے کے لیے فون آتا ہے ، مسٹر ایکس اور مسٹر وائی لوگوں کو دھمکیاں دیتے ہیں ۔ ان لوگوں کو جواب میں بھی دھمکیاں دو ، جو ڈراتا ہے اسے جواب میں تم بھی ڈراؤ۔

ان کا کہنا تھا کہ خفیہ نمبروں سے ڈرانے والے کہتے ہیں کہ یہ کرلوں گا ، وہ کرلوں گا ، ان سے کہتا ہوں کہ جو کرنا ہے کرو ، ہم بھی کریں گے۔