
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط، کمزور معیشت اور کورونا کے باوجود عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا تھا۔ تجربہ کار چوروں کے زیر سایہ حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورت حال، مہنگائی کے عوام پر اثرات اور حکومتی اتحادیوں کی قومی اسمبلی میں تقاریر کے متن کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مہنگائی کے خلاف جلسے کے انعقاد سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے پارٹی ذمہ داران کو مہنگائی کے معاملے پر عوام کی بھرپور ترجمانی کی خصوصی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چوروں نے خود کو ریلیف دینے کے لیے عوام کو بدترین مہنگائی کی اذیت ناک تکلیف میں مبتلا کررکھا ہے۔
ان تجربہ کار چوروں کے زیر سایہ حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے۔ ہم نے متنبہ کیا تھا کہ نہایت محنت سے کھڑی کی گئی معیشت سیاسی عدم استحکام کا بوجھ برداشت نہیں کر پائے گی۔ نکمے، نااہل، بددیانت اور بد نام گروہ نے اپنی چوری بچانے کے لیے بغیر تیاری اقتدار پر قبضے کی سازش کی۔
سابق وزیراعظم نے شرکا سے کہا کہ 2018 میں تحریک انصاف کو اقتدار ملا تو معیشت دیوالیہ پن کے کنارے کھڑی تھی، پھر بھی آئی ایم ایف کی کڑی شرائط، کمزور معیشت اور کورونا وبا کے باوجود تحریک انصاف کی حکومت نے عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/vu-and-khan-shebaz.jpg