ڈی جی نیب کی راغب نعیمی سے ملاقات، مالی دھوکہ دہی پر شرعی رائے کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل سے معاونت طلب
ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی وقار احمد چوہان اور ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب سردار ظفر عباسی نے منگل کے روز چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد عوام کو دھوکہ دینے والی مالیاتی سکیموں پر شرعی رائے لینے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی معاونت حاصل کرنا تھا۔
ترجمان اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق، ملاقات میں ڈی جی نیب نے پاکستان میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ادارے کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ عوام کو خصوصاً تعمیراتی و ہاؤسنگ سکیموں کے ذریعے مالی نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے شرعی رہنمائی ضروری ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر راغب نعیمی نے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی قیادت میں ادارے کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ نیب نے حالیہ عرصے میں فعالیت اور مؤثر اقدامات سے نمایاں پیش رفت کی ہے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے نیب کو یقین دلایا کہ کونسل اس اہم معاملے میں بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی عوام کو دھوکہ دینے والی مالیاتی سکیموں کے مختلف انداز کا شرعی تجزیہ مکمل کرکے اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے نیب کو ارسال کی جائے گی تاکہ ان سکیموں کے خلاف مؤثر کارروائی کو شرعی بنیاد فراہم کی جا سکے۔