
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور معروف قانون دان بیرسٹر اعتزاز احسن نے واضح طور پر کہہ دیا کہ اگر پیپلز پارٹی مصلحت کا شکار رہی تو 6 سیٹیں بھی نہیں ملیں گی، پیپلز پارٹی جن کے ساتھ مصلحت کے ساتھ چل رہی ہے وہ ہمارے ساتھ مخلص نہیں ہیں۔
میڈیا ذرا ئع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ بار میں بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب میں اعتزاز احسن نے کہا کہ اگر ہم پنجاب میں ایسے ہی چلتے رہے تو مصلحت کرنے والے ہمارے سگے نہیں ہیں وہ پنجاب میں ہمیں ختم کردیں گے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ پنجاب میں ہم پھر سی یا ڈی کلاس کی ٹیم ہوں گے اور مقابلہ پھر نواز شریف اور عمران خان کے درمیان ہوگا،نواز شریف نے بی بی کے خلاف پنجاب میں تقاریر کیں تھیں اس کے باوجود ہم نے میثاق جمہوریت پر اتفاق کیا مگر نوازشریف نے پھر بھی آصف علی زرداری کے خلاف کیس بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جن کے ساتھ مصالحت کے ساتھ چل رہی ہے وہ ہمارے بڑے مخالف ہیں، یہ ہمارے سگے نہیں ہوسکتے یہ ہمارے جیالوں کے خلاف ہیں اور پنجاب میں ہمیں ختم کردیں گے۔
اگر ہم اب بھی مصالحت پر قائم رہے تو پہلے پنجاب سے چھ سیٹیں نکلی تھی اب کی بار وہ بھی نہیں نکلیں گی اگر اسی طرح چلتے رہے تو صوبے میں مقابلہ پھر نواز شریف اور عمران خان کا ہی ہوگا۔