
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحما ن نے کہا ہے کہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ اداروں نے بروقت فیصلے کیے ہیں،اگرآگے بھی ایسا ہی رہا تو ہم اداروں کی پشت پر ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے یہ بیان راولاکوٹ میں وحدت کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیااور کہا کہ ملک کو انارکی کی طرف لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے، عمران خان نے پاک چین اقتصادی راہداری کو رول بیک کرکے چین جیسے دیرینہ دوست کو ناراض کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بروقت فیصلے کرکے عمران خان کو نا ہٹایا جاتا تو وہ پاکستان کو بالکل تباہ کرکے چھوڑتا، پہلی بار اداروں نے بروقت فیصلے کیےہیں،اگر ادارے اس طرح فیصلے کرتے رہے تو ہم اداروں کی پشت پر ہوں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مفادات کی سیاست کرنے والوں کو کبھی آزادی نہیں مل سکتی ،مذہب کے نام پر معرض وجود میں آنے والے پاکستان کو اب سیکولر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، پچھلی حکومت کے پیچھے ایک ایجنڈا تھا جس پر کسی نے بھی توجہ نہیں دی۔