پولیس یونیفارم میں مسلح ڈاکوئوں کی 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ڈکیتی

15lahorerobberyrjsksjks.png

ملک بھر میں جرائم کی وارداتوں میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور انتظامیہ کی نااہلی کی باعث مجرموں پر قابو پانا ناممکن ہوچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے مناواں میں پولیس یونیفارم پہنے ہوئے ڈاکوئوں نے ایک گھر میں گھس کر 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان لوٹ لیا اور فرار ہو گئے۔

مناواں کے رہائشی محمد اشفاق نامی شہری کے گھر میں 4 کارسوار ڈاکوئوں نے گھر میں گھس کر لوٹ مار کی جس کی ویڈیو سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

محمد اشفاق کے گھر میں پولیس یونیفارم پہنے ہوئے ڈاکو 2 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زیادہ کی نقدی، گھڑیاں، طلائی زیورات اور دیگر سامان لوٹ کر لے گئے۔ پولیس یونیفارم پہنے ڈاکوئوں نے گھر میں گھس کر آدھے گھنٹے تک لوٹ مار کی اور اپنی کارروائی مکمل کرنے کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کر لی گئی ہے۔

مناواں تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق محمد اشفاق کے گھر میں گھسنے کے بعد اسلحہ سے لیس ڈاکوئوں نے خواتین، بچوں کو ایک کمرے میں بند کر دیااور گھر میں موجود سارا قیمتی سامان چوری کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور ملزموں کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی جہلم میں چک اکا جی ٹی روڈ پر ڈکیتی کی ایک بڑی واردات ہوئی تھی جس میں پولیس وردیاں پہنے ہوئے 2 مسلح ڈاکائوں نے ایک پراپرٹی ڈیلر کی گاڑی سے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے کی رقم لوٹ لی اور فرار ہو گئے تھے۔ عمران رفیق نامی پراپرٹی ڈیلر کا کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد میں مکان فروخت کر کے رقم لا رہا تھا کہ راستے میں ملزمان نے روک کر اسے لوٹ لیا۔