
مری میں برفباری کے شروع ہوتے ہی سیاحوں کا رش بڑھنے کے بعد ہوٹل مالکان کی جانب سے کمروں کے کرایوں کو 50 ہزار روپے تک بڑھانے کا انکشاف ہوا ہے۔
مری میں گزشتہ رات کے برفانی طوفان میں پھنسے سیاحوں میں سے چند ایک نے نجی خبررساں ادارے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کی اور زمینی حقائق سے آگاہ کیا، برفانی طوفان کے دوران سیاحوں کی بڑی تعداد نے جیسے ہی ہوٹلوں کو رخ کیا تو ہوٹل مالکان نے آنکھیں ماتھے پر رکھ کر ایک کمرے کا کرایہ 50 ہزار روپے تک بڑھادیا، سیاحوں سے 50،50 ہزار ایک رات کا کرایہ لیا جاتا رہا۔
سیاح کے مطابق اتنے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے سیاحو ں کی بڑی تعداد نےرات گاڑی میں گزارنے کا فیصلہ کیا، حویلی لکھا سے تعلق رکھنے والے فرقان اپنی فیملی کے ہمراہ کلڈانہ چوک واپڈا ریسٹ ہاؤس میں موجود ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ہمیں ہوٹل چھوڑنے کا حکم دے رہی ہے، ہمارے علاوہ تین فیملیز مزید ہیں ، تمام لوگوں کی مجموعی تعداد 25 بنتی ہے ، ہمیں ریسکیو کیا جائے۔
واضح رہے کہ برفباری کا موسم شروع ہوتے ہی ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد نے مری کا رخ کیا ہوا تھا جس کی وجہ سے مری میں سیاحوں اور مری کی طرف جانے والی سڑکوں پر گاڑیوں کا شدید دباؤ پیدا ہوگیا تھا، گزشتہ رات ایسی ہی صورتحال میں شدید برفانی طوفان آیا جس میں سڑکوں پر موجود گاڑیاں پھنس گئی ، اندر موجود لوگوں نے سردی سے بچنے کیلئے ہیٹرز آن کیے جس کے باعث اب تک 21 افراد کے دم گھٹنے سے اموات کی اطلاعات ہیں۔
واقعہ کے بعد سول و ملٹری ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر برف میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے، پنجاب حکومت نے تمام سرکاری ہوٹلز اور ریسٹ ہاؤسز عوام کیلئے کھول دیئے ہیں ، تاہم اب تک بھی سینکڑوں گاڑیاں برف میں پھنسی ہوئی ہیں جنہیں نکالنے کیلئے ریسکیو کا عمل جاری ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق 90 فیصد سڑکوں کو کلیئر کروادیا گیا ہے، گاڑیوں میں موجود تمام سیاحوں کو نکال کر سرکاری ریسٹ ہاؤسز اور محفوظ مقامات پر متتقل کردیا گیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/murrai1ii1121.jpg