
وزیر اعظم کے 3 سالوں میں غیر ملکی دوروں کی تفصیلات ایوان میں پیش کر دی گئیں، وزیراعظم نے 47 غیر ملکی دورے کئے، جن پر 20 کروڑ سے زائد کے اخراجات ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کے مطالبے پر حکومت کی جانب سے وزیر اعظم کے غیر ملکی دوروں اور اخراجات کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کردی گئیں۔
تحریری جواب میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے سال 2018 میں متحدہ عرب امارات، چین اور ملائیشیا کے دورے کئے جن پر چار کروڑ 56 لاکھ 15 ہزار روپے سے زائد اخراجات آئے۔
سینٹ اجلاس میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں مزید بتایا گیا کہ سال 2019 میں وزیراعظم عمران خان نے 16 غیر ملکی دورے کیے جن پر 11 کروڑ 69 لاکھ 11 ہزار روپے سے زائد خرچ ہوئے۔
اسی طرح 2020 میں انہوں نے چار غیر ملکی دوروں پر ایک کروڑ 36 لاکھ 37 ہزار روپے خرچ کیے، سال 2021 میں وزیر اعظم کے پانچ غیر ملکی دوروں پر دو کروڑ 76 لاکھ دو ہزار روپے خرچ ہوئے۔
وزیراعظم نے حلف اٹھانے سے اب تک 47 غیر ملکی دورے کئے جن پر 20 کروڑ 37 لاکھ 67 ہزار سے زائد کے کل اخراجات آئے۔
واضح رہے کہ غیر ملکی دوروں کے حوالے سے سینیٹر مشتاق احمد نے ایوانِ بالا میں سوال اٹھایا تھا جبکہ تفصیلات ایوان کو فراہم نہ کرنے پر اپوزیشن کی جانب سے واک آؤٹ کیا گیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/gairm11.jpg