نو مئی:عمران خان اور شاہ محمود کا تفتیش میں پولیس کے ساتھ تعاون سے انکار؟

744371-ImranKhanPHOTONEFERSEHGALEXPRESSx-1407216203.jpg


سانحہ نو مئی کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے,
اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نو مئی واقعات کی تفتیش میں پولیس کے ساتھ تعاون سے انکار کردیا۔

نو مئی واقعات کی تفتیش کیلیے فیصل آباد سمیت تین اضلاع کی تفتیشی ٹیمیں عمران خان سے پوچھ گچھ کیلیے اڈیالہ جیل پہنچیں۔

چئیرمین پی ٹی آئی نے 3 اضلاع کی تفتیشی ٹیموں سے تعاون کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ وکلا کی موجودگی میں ہی شامل تفتیش ہوں گے۔

چئیرمین پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں قصور، راولپنڈی اور فیصل آباد کی پولیس نے 9 مئی واقعات کے حوالے سے تفتیش کی کوشش کی جبکہ شاہ محمود قریشی سے بھی نو مئی واقعات کے حوالے سے تفتیش کی گئی۔

سابق وفاقی وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی پولیس سے تفتیش میں تعاون سے انکار کردیا اور اپنے وکلا کی موجودگی میں سوالات کا جواب دینے کا کہہ دیا۔

راولپنڈی،فیصل آباد اور قصور پولیس کی ٹیمیں تفتیش کے بعد جیل سے واپس روانہ ہو گئیں۔
عمران خان کیخلاف سانحہ نو مئی کے حوالے سے تین اضلاع میں 13 مقدمات درج ہیں جن کی تفتیش کیلیے تفتیشی ٹیمیں اجازت ملنے کے بعد اڈیالہ جیل پہنچیں تھیں۔ تینوں اضلاع کی پولیس کو الگ الگ تفتیش کا موقع دیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا جیل میں سلو پوائزن سے انکی جان لینے کی کوشش کی جائیگی کیونکہ وہ اپنا ملک چھوڑ کر جانے پر کبھی آمادہ نہیں ہونگے، اپنے وکلا اور پارٹی عہدیداروں سے کہتا ہوں کہ وہ ملک بھر میں کنونشن منعقد کریں اور جب بھی انتخابات ہوں تو مہم شروع کریں۔

وکیل سلمان صفدر کا کہنا ہے کہ سائفر کیس توشہ خانہ پارٹ2، فیئر ٹرائل قطعی نہیں، پتا چل رہا ہے کہ جج کیا چاہتے ہیں،جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 24 اکتوبر کو جیل میں جو ہمیں کہا وہ سچ ثابت ہو رہا ہے، ملک میں کوئی عدالت نہیں جو عمران خان کو انصاف نہیں دے سکے، جو ہو رہا ہے ’’لندن پلان‘‘ کے تحت ہو رہا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ لندن منصوبے کا ہی شاخسانہ نہیں بلکہ ایک ”لندن معاہدے“ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ انکی جدوجہد فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ قوم کو اپنے حقوق اور اپنے ملک کی آزادی کی لڑائی خود سے لڑنی پڑے گی۔