
پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے سابق صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کی کوششیں تاحال کامیاب نہیں ہوسکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کےچیئرمین نجم سیٹھی اپنےعہدے میں توسیع یا بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی کیلئے کوششیں کررہے ہیں تاہم اتحادی حکومت میں شامل پیپلزپارٹی اس معاملے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، پیپلزپارٹی سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کو دوبارہ یہ ذمہ داری سونپنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی کورڈینیشن احسان مزادری نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کے اگلے چیئرمین ذکاء اشرف ہوں گے، نجم سیٹھی کو اس عہدے پر تعینات کرنے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، وزارت پیپلزپارٹی کے انتخاب کےساتھ کھڑی ہے، ہم نے ایک ماہ قبل اس حوالے سے سمری وزیراعظم کو بھجوادی تھی۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی اور ایڈہاک کمیٹی کی مدت رواں ماہ ختم ہورہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے انہیں قائل کرنے کی ہدایات دی ہیں، تاہم نجم سیٹھی کی کوششوں کے باوجود آصف علی زرداری انہیں ملاقات کیلئے وقت نہیں دے رہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/28zakahaasharfafafafa.jpg