
پاکستان تحریک انصاف سے بغاوت کرکے سندھ ہاؤس میں پناہ لینے والے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض اینکر عمران خان کے سخت سوالات پر گھبرا گئے اور ان سے کوئی جواب نہ بن پایا۔
تفصیلات کے مطابق سماء ٹی وی کے پروگرام "احتساب"میں اینکر عمران خان نے راجاریاض سے سوال کیا کہ آپ کی جانب سے تحریک انصاف چھوڑنے پر ایک عوامی ردعمل بھی آرہا ہے ، لوگ آپ کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اورلوٹے لے کر باہر نکل رہے ہیں، اس احتجاج سے کوئی دباؤ پڑرہا ہے آپ پر کہ آپ فیصلے پر نظر ثانی کریں؟
راجا ریاض نے جواب دیا کہ کوئی دباؤ نہیں ہے، یہ پاکستان تحریک انصاف کے مقامی عہدیدار 20، 25 کارکنان کے ٹولے آرگنائز کرکے ہماری تصاویر کو آگ لگانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، ہم ایسے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔
اینکر عمران خان نے کہ آپ نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن جیتا تھا یہ نشست پی ٹی آئی کی ہے ، آپ نے تحریک انصاف چھوڑنی ہے تو آپ اس نشست سے بھی استعفیٰ دیں دوبارہ اس حلقے سے الیکشن لڑیں اور جیت کر عمران خان کی پالیسیز کی مخالفت کریں۔
راجاریاض نے کہا کہ ابھی اتنا وقت نہیں ہے مگر یہ میرا آپ سے وعدہ ہے کہ میں اس نشست سے استعفیٰ دیدوں گا۔
عمران خان نے پوچھا کہ 2013 کے انتخابات میں آپ نے اس حلقے سے کتنے ووٹ حاصل کیے تھے؟ راجا ریاض بولے18ہزار ووٹ لیے تھے ۔ عمران خان نے کہا کہ 17ہزار 571 ووٹ لیے تھے آپ نے، 2018 کے انتخابات میں تحریک انصا ف کے ٹکٹ ملنےکے بعد آپ کتنے ووٹوں سے کامیاب ہوئے تھے؟
راجاریاض نے کہا کہ 2013 میں میں نے صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر الیکشن لڑا تھا جبکہ 2018 میں قومی اسمبلی کاالیکشن لڑا تھا اور میں نے 1لاکھ7 ہزار ووٹ لیے تھے۔
عمران خان نے ایک بار پھر ان کی تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے 2013 کے ووٹوں کودوگنا بھی کرلیا جائے تو یہ30 ہزار ہوں گے جبکہ 2018 میں آپ نے1لاکھ 14 ہزار215 ووٹ حاصل کیے تھے، اس بار جو آپ کو اضافی ایک لاکھ سے زائد ووٹ ملے ہیں کیا آپ کو لگتا ہے کہ یہ ووٹ راجا ریاض کے تھے یا یہ تحریک انصاف اور بلے کے نشان کا ووٹ بینک تھا؟
تحریک انصاف کے منحرف رکن راجا ریاض نے اعتراف کیا کہ نہیں یہ میرے ذاتی ووٹ نہیں ہیں بلکہ اس میں تحریک انصاف اور عمران خان کے ووٹ شامل ہیں، ہم عمران خان کے ساتھ نیا پاکستان بنانے اور ان کی باتیں سن کر کھڑےہوئے تھے کہ ملک سے مہنگائی ختم ہوگی،نوکریاں ملیں گی کرپشن ختم ہوگی اور باہر سے اربوں ڈالر واپس آئیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ آپ کے اس فیصلے کی ٹائمنگ بہت عجیب ہے آپ پر پیسے لے کر تحریک انصاف سے منحرف ہونے کا الزام بھی ہے، راجا ریاض نے کہا کہ میں اللہ کو حاضر ناظر جان کر یہ کہہ سکتا ہوں کہ میں کسی کے ایک پیسے کا بھی روادار نہیں ہوں، آئندہ الیکشن ن لیگ کی ٹکٹ پر لڑنے سے متعلق اسمبلی کی سیٹ سے استعفیٰ دینے کےبعد سوچوں گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/imrani11h1h1121.jpg