وزیراعظم پاکستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ووٹنگ سے قبل ہی مسترد ہوگئی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے تحریک عدم اعتماد کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا جس کے بعد قوم سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ انہوں نے صدر کو اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز دی ہے۔
قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ اور وزیر اعظم کے خطاب کے بعد صحافیوں نے اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا مبشر لقمان نے کہا کہ عمران خان نے اپنے غیر آئینی اقدام سے جمہوریت کو اتنا زیادہ نقصان پہنچایا جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے تھے۔ اس عمل سے ان کی پارٹی کی مقبولیت کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔
اینکر پرسن عمران خان نے کہا کہ کیسا لگا سرپرائز؟
عمران خان کے عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے سینئر صحافی سلیم صافی کا کہنا تھا کہ آخری گیند تک لڑنے کا دعویٰ کرنے والے کلین بولڈ ہونے کے بعد پہلے کریز پر لیٹ گئے اور اب وکٹیں ساتھ لے کر پچ اکھاڑ دی جبکہ ٹیم اراکین (ایم این ایز) کو بھی اعتماد میں نہیں لیا۔
صحافی و اینکر ملیحہ ہاشمی نے کہا کہ وزیراعظم نے بہت بڑا چھکا مارا ہے، وزیراعظم عمران خان نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز پیش کر دی، زندہ باد۔ عمران خان نے ضمیر فروشوں کے ساتھ اقتدار میں رہنے کو ٹھوکر مار دی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ قوم کے ساتھ ساتھ آج پارلیمان نے بھی فیصلہ سنا دیا کہ ہم "بھکاری" نہیں، خوددار قوم ہیں۔
سینئر صحافی عاصمہ شیرازی نے کہا کہ کپتان، پارلیمان کو کھیل کا میدان سمجھے تھے۔
اینکر پرسن حامد میر نے کہا کہ کپتان ہمیشہ میچ کی آخری گیند تک لڑنے کا دعویٰ کرتے تھے لیکن آج وہ اسٹمپ کھینچ کر میدان سے بھاگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل پر امپائر دنگ رہ گئے ہیں۔
مخدوم شہاب الدین نے اپوزیشن کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ’دل کے ارماں آنسوؤں میں بہہ گئے‘
غریدہ فاروقی نے کہا کہ فیصلہ آنے کے بعد 3 اپریل کے دن کو تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا۔ انہوں نے کہا ک فرد واحد کی خواہش پر آئین پاکستان کی پامالی اور آئین توڑ دیا گیا۔
سینئر تجزیہ کار صابر شاکر نے بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ منحرفین نے پیسے واپس دینے سے انکار کردیا۔
اینکر پرسن کامران شاہد نے وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’شاباش وزیر اعظم عمران خان ہمیں آپ پر فخر ہے، اس بات سے قطع نظر ہے کہ آپ نے آئین و قانون کی خلاف ورزی کی۔ یہ عوام کو پاگل بنانے کی کوشش تھی، ایک شخص کی انا پورے پاکستان سے بڑھ کر ہے۔
تجزیہ کار انور لودھی نے کہا کہ سیاست کو ایک طرف رکھیں غیر ملکی طاقت ہار گئی آج پاکستان جیت گیا۔