
سینئر تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا ہے کہ عموماً حکومتیں ریاستی اداروں کی ڈھال بنتی ہیں مگر یہ حکومت اپنے اقتدار کیلئے اداروں کو بطور ڈھال استعمال کررہی ہے۔
ڈان نیوز کے پروگرام"نیوزآئی" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی نہ ہی فطری طور پر اقتدار میں آئی تھی اور نہ ہی فطری طور پرحکومت چلارہی تھی،اس حکومت نے اقتدار میں آنے اور اقتدار کے دوام کیلئے ریاستی اداروں کو بیساکھیوں کے طور پر استعمال کیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مگر جب ریاستی اداروں کو یہ ادراک ہوگیا کہ یہ حکومت بری طرح اداروں کے وقار کو مجروح کرنے کا سبب بن رہی ہے تو انہوں نے خود کو اس سے دور کرلیا ، جس کے بعد عمران خان کو یہ خوف لاحق ہوگیا کہ ان سے جان چھڑوانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
سلیم صافی نے کہا جب بات یہاں پہنچی تو خبریں گردش کرنا شروع ہوگئیں کہ اپوزیشن کی ڈیل ہوگئی ہے جس تاثر کو زائل کرنے کیلئے ڈی جی آئی ایس پی آر کو پریس کانفرنس کرنا پڑی اور اس کے بعد اپوزیشن یا میڈیا نے ایسا کوئی دعویٰ نہیں کیا مگر یہ حکومت خود اب ریاستی اداروں کو اپنے اقتدار بچانے کیلئے ایسی خبروں میں گھسیٹ رہی ہے۔
سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ مجھے گالیاں پڑی نہیں عمران خان نے گالیاں پڑوائی ہیں کیونکہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ عمران خان بہت سے معاملات میں نواز شریف اور زرداری سے کئی گنا زیادہ شاطر ہیں، وہ بہت اچھے طریقے سے دکھاوا کرتے ہیں، نواز شریف اور زرداری بیوقوف سیاستدان تھے جنہوں نے کرپشن کرکے اپنے اکاؤنٹس میں پیسے ڈال دیئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دماغ خراب نہیں ہے کہ وہ براہ راست کرپشن کرے، اس کو سب سے بڑا گھر ملا ہوا، انتخابی اخراجات اٹھانے والے لوگ موجود ہیں، ہر مافیا ان کے ارگرد موجود رہتا ہے ،بچوں کا مستقبل محفوظ ہے اور کیا چاہیے، تحریک انصاف میں پیسے کی بنیاد پر لوگ آتے بھی ہیں، عہدے بھی ملتے ہیں اور احتساب سے بھی بچائے جاتے ہیں ، اور کرپشن کیا ہوتی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14safigalian.jpg