
حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )نے عمران خان پر امریکی کانگریس اور سابق امریکی سفیر زلمے خلیل زاد سے خفیہ رابطوں کا الزام لگادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے سابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی جانب سے پاکستان کو دھمکی آمیز ٹویٹ جاری کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان زلمے خلیل زاد سے خفیہ ملاقاتیں اور امریکی کانگریس سے رابطے کررہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زلمے خلیل زاد کی جانب سے عمران خان کی حمایت اور پاکستان مخالف ٹویٹ سے پاکستان دشمنی اور عمران دوستی کا ثبوت ملتا ہے، زلمے خلیل زاد وہ شخص ہے جو مسلمانوں، افغانستان اور پاکستان کی دشمنی میں امریکہ سے بھی چند قدم آگے ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم نے کہ عمران خان پہلے کہتا تھا کہ میری حکومت امریکہ نے گرائی ہے اور اب امریکہ کا ایک اہم جاسوس ہی عمران خان کی حمایت میں پیش پیش ہے۔
خیال رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے گزشتہ دنوں اپنی ایک ٹویٹ میں عمران خان کی ممکنہ گرفتاری اور پاکستان کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری انتخابات کو مسائل کا واحد حل تجویز کیا تھا۔