
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے اہم اعلان کردیا، کہا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ایوان میں آئیں تو میں استعفیٰ دینےکو تیار ہوں۔
راجا ریاض نے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کے 11 اراکین کے استعفے منظور کئے گئے تو پی ٹی آئی اس فیصلے کےخلاف ہائی کورٹ جا پہنچی،عمران خان ندیم بابر اور فرح خان کی کرپشن کا حساب دیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا تھا کہ عمران خان کیخلاف ووٹ نہیں ڈالا،ان کے اتحادی ساتھ چھوڑ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہماری عزت نہیں کرتے تھے، اس لیے انہیں چھوڑا ان کی جماعت بڑی ہے،یہ اسمبلی میں آئیں اور اپنا کردار ادا کریں،عمران خان اسمبلی میں آئیں اور فرح گوگی، ندیم بابر سمیت اپنے تمام ساتھیوں کی اربوں روپے کی کرپشن کا حساب دیں۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی دونمبری اس بات سے واضح ہوگئی ہے کہ گیارہ ارکان کے اسپیکر نے استعفے منظور کئے جنہوں نے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔