صدر زرداری، وزیراعلی مریم و نواز شریف پر پختونخوا میں کتنے مقدمات درج ہیں؟

1najhsjhsjhsjhmuqua.png

خیبر پختونخوا میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف درج مقدمہ کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آصف زرداری، نواز شریف اور مریم نواز پر 2022 میں خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ کینٹ میں ایک مقدمہ درج ہوا تھا، اس مقدمے میں غداری کی دفعات شامل تھیں اور یہ مقدمہ پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کے دور میں درج کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ زرداری، نواز و مریم کے خلاف خیبر پختونخوا میں کوئی نئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی جس کا حوالہ وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز کے ایک بیان میں دیا تھا۔

خیال رہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز ایک سخت بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ وفاق وپنجاب اپنی حرکتوں سے باز آجائے، اگر یہ باز نا آئے تو ہم دیکھیں گے کہ یہ کیسے حکومت چلاتے ہیں، زرداری، نواز شریف اور مریم کے خلاف مقدمات درج ہوئے ہیں، ہمیں دھمکیاں دینے سے گریز کیا جائے ، ایسا نا ہو کہ آپ کے گھر ہی پولیس بھیج دی جائے۔