سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتادیا کہ انہیں کون قتل کرانا چاہتا ہے،ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں نے مارگلہ تھانے میں 22 افراد کے اجرتی قاتل کے خلاف درخواست جمع کرادی ہے، یہ مجھے قتل کرانا چاہتا ہے اور ملک میں انتشار چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کیے گئے ہیں، یہ پہلی قسط ہے،دوسری قسط آنے والی ہے، انتظار کریں،یہ سمجھتے ہیں ایف آئی اے میں اپنا پراسیکیوٹر لگا کر حمزہ اور شہباز شریف پر فرد جرم عائد نہیں ہونے دیں گے، یہ ان کی بھول ہے، تھوڑے دن انتظار کریں، 31 مئی تک اہم فیصلے آئیں گے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ یہ جو سوچے بیٹھے تھے اس جال میں خود پھنس گئے ہیں، آصف زرداری نے ن لیگ کے ہاتھ پاؤں باندھ کر ان کو لکشمی چوک میں مارا ہے،ہمیں پتہ ہے یہ پیر کو اتحادی اجلاس میں کیا کریں گے، انہوں نے انہی اداروں سے بھیک مانگی ہے جن پر 14 بار تنقید کی۔
اس سے قبل عوامی مسلم لیگ کے رہنما نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری بھی ہوسکتی ہے،شیریں مزاری کی گرفتاری اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے، عمران خان بھی گرفتار ہوسکتے ہیں، گرفتاریوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ ملک کو انارکی کی طرف لے جارہے ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی میں نیا آئی جی لگایا گیا ہے۔
انہوں نے کہاتھا کہ انہیں ڈیڑھ سال کی چھوٹ نہیں ملی، اسلام آباد اور راولپنڈی کے نئے آئی جی تعینات کر دیئے گئے، انہوں نے گرفتاریوں کے لیے فہرستیں تیار کر لی ہیں، ایس ایچ او لگا دیئے ہیں۔