
پٹرول پر سبسڈی کیلئے پٹرول پمپ پر شناختی کارڈ، ون ٹائم پاس ورڈ دینے کے بعد سستا پٹرول ملے گا : مصدق ملک
وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے 2 دن پہلے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر حکومت پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مہنگائی کے پیش نظر چھوٹی گاڑیوں اور موٹرسائیکل رکھنے والے افراد کو پٹرول پر سبسڈی دے گی۔
بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی طرف سے کم آمدنی والے افراد کے لیے پٹرول سبسڈی کے اعلان پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیریز کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے کم آمدن شہریوں کیلئے پٹرول پر سبسڈی بارے کسی قسم کی مشاورت یا رابطہ نہیں کیا گیا۔
آئی ایم ایف سٹاف کو حکومت کی طرف سے حکومتی اعلان کردہ سکیم کے قواعد وضوابط، ٹارگٹنگ، لاگت ودیگر اقدامات سے متعلق معلومات دینا ہوں گی جس پر انتہائی محتاط ہو کر گفتگو کی جائے گی۔
ایسٹر پیریز کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ کے کچھ پوائنٹس پورے نہیں ہوئے جس کے بعد ہی معاہدہ ہوگا۔ 9 ویں اقتصادی جائزے کو آگے بڑھانے کیلئے مذاکرات میں پیشرفت سامنے آئی ہے ، پاکستانی حکام کے ساتھ پالیسیوں پر بات چیت ہوئی ہے۔
پالیسی ایجنڈے کو نافذ کرنے کیلئے مالی معاونت بھی یقینی بنا رہے ہیں، باقی پوائنٹس پورے ہونے کے بعد جلد ہی سٹاف لیول معاہدہ ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کی طرف سے پٹرول پر سبسڈی کی سکیم کا اعلان کیا گیا تھا جس کے مطابق موٹرسائیکل سوار شہریوں کو پٹرول پر 100 روپے سبسڈی دی جانی ہے۔
سسٹا پٹرول صرف رجسٹریشن والی چھوٹی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر دی جائے گی تاکہ ڈاکیومینٹیشن کی بھی حوصلہ افزائی ہو سکے۔
انہوں نے کہا تھا کہ پٹرول پر سبسڈی کیلئے پٹرول پمپ پر شناختی کارڈ، ون ٹائم پاس ورڈ دینے کے بعد سستا پٹرول ملے گا جبکہ ایک وقت میں 2 سے 3 لیٹر سستا پٹرول مہیا کیا جائے گا۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ موٹرسائیکل سوار افراد ماہانہ بنیادوں پر 21 لیٹر پٹرول استعمال کرتے ہیں اس لیے انہیں 21 لیٹر پٹرول پر سبسڈی دی جائے گی۔ 21 لیٹر سے زائد پٹرول خریدنے پر پوری قیمت دینی ہو گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/18imfprtrolsunssdy.jpg