
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنمااور جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں کسی کرسی کا لالچ نہیں ہے، شکست عمران نیازی کا مقدر بن چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکسلا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ شکست عمران نیازی کا مقدر بن چکی ہے، پاکستان دنیا کا ایک ترقی یافتہ ملک بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج نواز شریف کی قیادت میں ہم جوجدوجہد کررہے ہیں، یہ حکومت گرانے یا بنانے کی جدوجہد نہیں ہے، یہ جدوجہد پاکستان کو ایک کامیاب ریاست بنانے کی ہے، جو ملک اپنے آئین پر چلتا ہے وہ مضبوط ہوتا ہے اور جس ملک کو آئین پر نہیں چلایا جاتا وہ ملک کمزور ہوجاتا ہے
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی پاکستان کے آئین کو میلی نگاہ سے دیکھے گا تو مسلم لیگ ن کا ہر ورکر سیسہ پلائی دیوار بن جائے گا، ووٹ کی طاقت ختم ہوتی ہے تو غریب کی طاقت ختم ہوجاتی ہے، ووٹ کی عزت کا مطلب غریب کی عزت ہے۔
دوسری جانب کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ہمارا لانگ مارچ 28 مارچ کو راولپنڈی مری روڈ پر پہنچے گا، ملکی تاریخ میں ن لیگ نے دو بار کوشش کی کہ پاکستان ترقی یافتہ ملک بن جائے لیکن سازش کے تحت ن لیگ کو روک دیا گیا، قوم سے دھوکہ کیا گیا۔
سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو چاہیے کہ اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کریں ورنہ استعفیٰ دے دیں، ہم تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنائیں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/imrni1h1h11-ah11.jpg