سیما سے بھاگ کر شادی کرنے پر جرگہ کو 10 لاکھ جرمانہ دیا : غلام حیدر

sima-haider-india-pak.jpg


پب جی پر بھارتی لڑکے سے دوستی کے بعد اپنے 4 بچوں کے ہمراہ بھجارت جانے والی سیما رند کی کہانی کے سوشل میڈیا پر چرچے ہیں ، سیما یہ اعلان کرچکی ہیں کہ وہ ہندو بن چکی ہیں لیکن ان پرپاکستانی ایجنٹ ہونےکا شبہ ظاہرکیا جارہا ہے۔

بھارت جانے والی سیما حیدر کے شوہر غلام حیدر نے اے ایف پی سے گفتگو میں بتایا گھر والوں کے منع کرنے کے باوجود سیما سے بھاگ کی شادی کی جس پر جرگے نےمجھ پر 10لاکھ روپے جرمانہ کیا ، اپنے خاندان کو واپس چاہتا ہوں ، بہت اذیت میں ہوں کیونکہ ہم نے محبت کی شادی کی تھی ۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خطے کی حریف اقوام بھارت اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے محبت کے مارے ایک جوڑاسرحدی حد بندیوں کو توڑ کر ایک دوسرے سے مل گیا ۔ ان کا باہم رابطہ آن لائن شوٹنگ گیم پب جی کھیلنے کے دوران ہوا ۔بھارتی ہندو22سالہ سچین مینا ایک غیر شادی شدہ دکاندار اور27سالہ سیما حیدر مسلمان ، پاکستانی اور 4بچوں کی ماں ہے ۔

2020ء میں جب کورونا وائرس کی وجہ سے معمولات زندگی ماند پڑ گئے تھے۔ ان دونوں کے درمیان آن لائن رابطہ ہوا تھا ۔ پہلے دوستی ہوئی جو محبت میں تبدیل ہوگئی ۔سیما کا کہنا ہے کہ انہوں نے بآلاخر ملنے کا فیصلہ کرلیا ۔ اب وہ سچین کے ساتھ بھارت میں اس کے دو کمروں کے گھر میں رہائش پذیرہے ۔ وہ اپنے شوہر اور4بچوں کو چھوڑ کر گزشتہ مئی میں نیپال کے راستے غیر قانونی طور پر بھارت منتقل ہوئی ۔

سر حد پر انہیں گرفتار کیا گیا، ان کی ضمانت ہوگئی ۔ اس کا کہنا ہے کہ اس نے سچین سے شادی کرکے ہندو مذہب اختیار کرلیا ہے۔ اب وہ نئی دہلی سے 55کلو میٹرز 35میل کے فاصلے پر ایک گاؤں ربو پورہ میں رہتی ہے ۔ وہ کہتی ہے کہ وہ پاکستان واپس جانے یا سچین کو چھوڑ نے سے مرجانے کو تر جیح دے گی ۔

جوڑے نے کہا کہ انہوں نے نیپال کے راستے ہندوستان میں داخل ہونے کے بارے میں یوٹیوب ویڈیوز کی مدد سے مہینوں کی پیچیدہ منصوبہ بندی کی اور مئی میں وہ کامیاب ہوگئے۔

سیما کے شوہر غلام حیدر کہا کہ اس نے PUBG کے بارے میں نہیں سنا ہے، بس وہ اپنے خاندان کو واپس چاہتا ہے۔ غلام حیدر نے سعودی عرب سے فون پر اے ایف پی کو بتایا کہ ’’ان کے گھر والوں کی طرف سے شادی کرنے سے منع کرنے پر وہ دونوں شادی کرنے کے لیے بھاگ گئےتھے ، بعد میں ایک جرگے کو معاملہ طے کرنے کے لیے بلایا گیا اور مجھ پر 10؍ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا، میں اپنے گھر سے، اپنے خاندان سے بہت دور ہوں، اور یہ میرے لیے بہت اذیت ناک ہے کیونکہ ہم نے محبت سے شادی کی‘‘۔

دوسری جانب بھارت میں اس جوڑے کا زبردست خیر مقدم کیا جارہا ہے، آس پاس کے دیہات کے ہجوم ان سے ملنے جا رہے ہیں۔37سالہ راکیش نے بتایا کہ مبارکباد پیش کرنے کے لیے ایک گھنٹے سے زیادہ گاڑی چلائی، درجنوں میں سے ایک ان کا استقبال کرنے کے لیے قطار میں کھڑا تھا۔ لیکن پاکستان میں اس کے گاؤں دھنی بخش کے قریب سڑکوں پر اس خبر کا خیر مقدم نہیں کیا گیا جبکہ لوگ سیما کی کہانی کے بارے میں جانتے ہیں، بہت کم لوگ اس واقعے کے بارے میں کھل کر بات کرنے کو تیار ہیں تاہم وہ گلی کے کونوں پر چھوٹے گروپوں میں گپ شپ کرتے ہیں۔

حیدر کے کزن ظفر اللہ بگٹی نے سیما کو ’سائیکو‘ میں تبدیل کرنے کا الزام PUBG پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ آئیے اس کے بارے میں بھول جائیں کیونکہ وہ چلی گئی ہے اور وہ بالغ ہے۔

سیما کا کہنا ہے کہ ، ”مرجاؤں گی لیکن کسی بھی حال میں واپس نہیں جاؤں گی۔ میرے پاس وہاں کچھ نہیں ہے،نئی دہلی سے 70 کلو میٹردور گریٹر نوئیڈا میں موجود سیما حیدر رند اپنے 4 بچوں کے ساتھ سچن کے دو کمروں کے گھرمیں بیٹھی ہیں۔ دونوں کو گرفتاری کے بعد بھارتی انتظامیہ نے ضمانت پر رہا کردیا ہے جس کے بعد وہ کئی روز سے وائرل اپنی محبت کی کہانی میڈیا والوں کے سامنے دہراتے ہوئے ان کے سوالات کے جوابات دے رہے ہیں۔