امریکہ سے آنے والا سائفر وزارت خارجہ میں محفوظ ایسے، ایسے کاغذات کو احتیاط سے رکھا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ عاصم نے سائفر کے حوالے سے چلنے والی خبروں پر وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ امریکہ سے آنے والا سائفر وزارت خارجہ میں مکمل طور پر محفوظ ہے، ایسے کاغذات کو وزارت خارجہ میں بہت احتیاط سے رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے موسمیاتی تغیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہ موسمیاتی تغیر کے باعث ہی پاکستان کو شدید بارشوں اور سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، ہماری کوشش ہے کہ سیلاب متاثرین کی جلد بحالی وتعمیرنو کے لیے بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے۔ مصر میں ہونے والی عالمی موسمیاتی کانفرنس میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر تعاون فراہمی کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹیرینز اور پارلیمان نے ملک بھر میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب پر پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے اس تناظر میں پاکستان کو 30 ملین یورو کی انسانی امداد دینے کا اعلان کیا۔ یورپی یونین کے ہائی کمشنر برائے آفات نے وزیراعظم شہباز شریف سے 4 اکتوبر کو ملاقات کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نئے اعزازی قونصل جنرل انگیج افریقہ پالیسی کے تحت تعینات کر رہا ہے جس کا مقصد افریقی ممالک سے معاشی، اقتصادی تعلقات کو استوار کرنا ہے۔
عاصم افتخار مسئلہ کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی قراردادوں میں اس مسئلہ کا حل موجود ہے، اقوام متحدہ کی زیرنگرانی استصواب رائے کرا کر کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے، بھارت کو سمجھا ہو گا کہ مسئلہ کشمیر کا حل عالمی قانونی فریم ورک کے تحت ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مزید8 کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا، اگست 2019ء سے اب تک 678 کشمیری شہریوں کو شہید کیا گیا ، بھارت کشمیریوں کے کاروبار، روزگار اور معیشت کو تباہ کر رہا ہے۔
ان کا بریفنگ میں مزید کہنا تھا کہ دنیا کو گمراہ کرنے کیلئے بھارتی وزیر امیت شاہ نے مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیا تاکہ بتایا جائے کہ حالات معمول پر ہیں جبکہ مسلمانوں کے ساتھ بھارت میں انتہائی ناروا سلوک جاری ہے، مسلمانوں کا ہندو میلے نووتری کو متاثر کرنے کے مبینہ الزام میں گھیراؤ اور مارپیٹ کے واقعات اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر کا آزاد جموں و کشمیر کا دورہ انتہائی اہم جس سے مسئلہ کشمیر اجاگر ہوا، بھارتی ناظم الامور کو حریت رہنما الطاف احمد شاہ کی گرتی صحت پر طلب کیا گیا تھا۔ خیبر پختونخوا کے اضلاع کو ولایت کا نام دینے کے کالعدم تحریک طالبان کے اقدام پر عاصم افتخار نے کہا کہ آئین پاکستان کے خلاف کسی بات کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔