
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایک بار پھر ملکی معیشت کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان حکومت کو ٹھہرادیا، اسحاق ڈار نے کہا 4 سال میں معیشت تباہ کر دی گئی،ریاست بچانے کے لیے حکومت کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔
دبئی میں مسلم لیگ ن کی تقریب سے خطاب میں وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا پاکستان سنگاپور کے بجائے سری لنکا بننے کے قریب پہنچ گیا تھا،ہم عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دعویٰ کیا کہ ڈالر کو 200 روپے سے کم کرنے کی کوشش کریں گے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کو بہتر کرنے کا عزم ہے، ڈالرز کو آزاد چھوڑ کر ملکی معیشت کا بڑا غرق کیا گیا، ڈالر اور روپے کی قدر میں توازن پیدا کریں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں ڈالر کو آزاد چھوڑ کر پچھلی حکومت نے گرایا، جس سے معیشت کا بڑا نقصان ہوا، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ملکی قرضے میں 4 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیول کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، شہباز شریف معیشت کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے معاشی اصلاحات پر عمل کر رہے ہیں،آئی آیم ایف پروگرام پورا کریں گے، موجودہ سال 32 سے 34 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے، امید ہے کہ یہ رقم جمع کر لی جائے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں، اسحاق ڈار نے ابو دبئی ہولڈنگ کمپنی کے سربراہ محمد السویدی اور انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی کے ایم ڈی سید بسر سے ملاقاتیں کی،ملاقات میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان سرمایہ کاری تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
یو اے ای نے پاکستان میں توانائی، زراعت اور صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا،وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/usgau11g.jpg