راولپنڈی، صوبائی وزیر تعلیم گلگت بلتستان کی سرکاری گاڑی چوری

10kjjshjhdjdjhd.png

ملک بھر میں موٹرسائیکل کے ساتھ ساتھ گاڑیاں چوری کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ راولپنڈی میں صوبائی وزیر تعلیم گلگت بلتستان کی سرکاری گاڑی چوری کر لی گئی ہے جس کی مالیت 65 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے علاقے سے کارچوروں نے صوبائی وزیر تعلیم گلگت بلتستان غلام شہزاد آغا کی سرکاری گاڑی نمبر GLTA-6326 چوری کر لی ہے جو کہ محکمہ تعلیم گلگت بلتستان کے نام پر رجسٹرڈ تھی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری گاڑی کی مالیت 65 لاکھ روپے تھی، مقدمہ غلام شہزاد آغا کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں بتایا کہ رات کے وقت سحری سے پہلے گاڑی اپنے گھر کے سامنے گلی میں کھڑی تھی لیکن جب صبح 7 بجے گھر سے باہر نکل کر دیکھتا تو گاڑی غائب تھی۔

سرکاری گاڑی محکمہ تعلیم گلگت بلتستان کے نام پر رجسٹرڈتھی، چوری کا مقدمہ شہزاد آغا کی مدعیت میں تھانہ نیوٹائون میں درج کر لیا گیا ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماسک پہنے 2 موٹرسائیکل سوار افراد گاڑی کے پاس پہنچے، ایک شخص موٹرسائیکل سے نیچے اتر اور بآسانی چابی لگا کا دروازہ کھولا اور گاڑی لے کر فرار ہو گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی گلگت بلتستان اسمبلی کے رکن کی سرکاری گاڑی چوری کرنے کی کوشش ہوئی تھی جسے چوکیدار نے ناکام بنا دیا تھا۔ غلام شبیر نے تھانہ نیوٹائون میں درخواست دی تھی کہ سرکاری گاڑی GLTC-1001 گھر کے باہر کھڑی تھی کہ 3 نامعلوم افراد آئے اور گاڑی کا بونٹ کھولا۔ چوکیدار نے شور کیا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی اور ایک فائر گاڑی کو بھی لگا، شور مچانے پر ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔