حکومت وزیراعظم آفس کے ملازمین پر مہربان، تنخواہوں کی برسات کردی

tankhs1h1h12.jpg


وزارت خزانہ نے وزیراعظم آفس کے افسران و ملازمین کیلئے کئی ماہ کی اضافی تنخواہوں کی منظوری دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کے افسران کیلئے اضافی تنخواہوں کی منظوری وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے آئی ایم ایف سے نئے بیل آؤٹ پیکج دینےکی درخواست لے کر واشنگٹن روانگی سے چند روز قبل دی ہے۔ وفاقی وزیر نے یہ فیصلہ بطور چیئرمین اقتصادی رابطہ کمیٹی کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آفس کے افسران کیلئے 4 ماہ کی اضافی تنخواہیں دینے کی منظوری دی گئی ہے، افسران کیلئے یہ اضافی تنخواہیں اضافی کام کرنے کی وجہ سے اعزازیہ کے طور پر منظور کی گئی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت افسران و ملازمین کو اس انعام کی ادائیگی کیلئے بینکوں سے 23 فیصد شرح سود پر قرض حاصل کرے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم آفس کے گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کیلئے پر 2 ماہ کی اضافی تنخواہوں کی منظوری دی گئی ہے، وزیراعظم آفس کے ملازمین کیلئے اعلان کردہ اس انعام کے بعد2 ماہ میں ملنے والی اضافی تنخواہوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیراعظم آفس کے ملازمین کو تین تنخواہیں بطور انعام دینے کی منظوری دی تھی، وزیراعظم نے گریڈ 17 سے 21 تک کے افسران کیلئے سابق نگراں وزیراعظم کی منظور کردہ تین تنخواہیں بحال کرکے اس میں ایک ماہ کی تنخواہوں کا مزید اضافے کی منظوری دیدی ہے۔