
وزیراعظم شہبازشریف نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ ملک کے خلاف بدترین سازش ہے آج تک کسی نے اپنے ملک کے خلاف ایسی سازش نہیں کی۔ اگر یہ ثابت ہو جائے کہ میں نے آئین کے خلاف سازش کر کے حکومت لی ہو تو مجھے سولی پر لٹکایا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارہ کہو بائی پاس ساڑھے 5 کلو میٹر کا منصوبہ ہے، آج ہم ایک عظیم عوامی منصوبےکا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں، اس منصوبے کا ٹھیکہ شفاف انداز میں این ایل سی کو دیا ہے، منصوبہ 4 ماہ میں مکمل کرنے کا معاہدہ ہوا ہے۔
وزیرعظم نے منصوبے کو 3 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سابقہ ادوار میں ایسے منصوبے 2 سے ڈھائی ماہ میں مکمل ہوتے رہے ہیں، منصوبے کا تعمیری معیارمثالی ہونا چاہیئے، کوشش کی جائے گی کہ منصوبے کے تخمینے میں کمی کی جائے۔
سابق وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہبازشریف نے کہا عمران خان دن رات جھوٹ بولتے ہیں، بڑے بھائی کی قیادت میں 40 سال عوام کی خدمت کی، میں نے عمران خان جیسا جھوٹا اور غیر ذمہ دار آدمی زندگی میں نہیں دیکھا، عمران خان سر سے پاؤں تک جھوٹ میں ڈوبا ہوا ہے اور قوم کو دھوکا دے رہا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان دن رات ملک کے خلاف سازش کرتے رہے، انہوں نے پوری اپوزیشن کو غدار قرار دے دیا، عمران خان نے جھوٹ بولا اور قومی وقار داؤ پر لگایا، ان کا امپورٹڈ حکومت کا بیانیہ پاش پاش ہوگیا۔ عمران خان کی آڈیولیک میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ آڈیو لیکس سےعمران خان کی سازش بےنقاب ہوگئی، آڈیو لیکس میں ثابت ہوگیا کہ عمران خان کیسے اپنے سیکرٹری کو جھوٹی سازش بنانے کا کہہ رہا ہے، آڈیولیک سے قبل بھی لوگ جانتے تھے کہ سائفر میں کوئی حقیقت نہیں۔
شہبازشریف نے کہا عمران خان نےاداروں میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی، ان کے جھوٹے بیانیے نے عوام کے 5 مہینے ضائع کردیے، آج تک کبھی کسی نے اپنی قوم کے خلاف ایسی سازش نہیں کی، ان کی غلط خارجہ پالیسی کی وجہ سے دوست ممالک ناراض ہوئے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا، جس نے ملک میں تباہی مچادی اور عمران خان سیاسی جلسے کرتا رہا، عوام خدمت اور فراڈ میں فرق کو پہچانیں، ہم پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، عظیم بنائیں گے، اپنی ذات اور اختلافات سے بالاتر ہوکر مل کے ملک کی ترقی کے لئے کام کریں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/2pmshehbadawa.jpg