پاکستان تحریک انصاف نے جہانگیر ترین کی جانب سے پارٹی کے قیام پر اپنا ردعمل جاری کردیا، پی ٹی آئی کے ترجمان نے اپنے ردعمل میں لکھا کہ ’جبری طلاق کے بعد لوگوں کو جمع کر کے نئی پارٹی بنانا پاکستان کو درپیش مسائل کا حل نہیں ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا آزادانہ منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہی مسائل کا حل ہے، عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق دیا جائے،جہانگیر ترین نے لاہور میں علیم خان اور پی ٹی آئی کے 100 سے زائد سابق اراکین قومی و صوبائی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کے نام سے نئی جماعت کے قیام کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا ہماری پارٹی کے قیام کا مقصد پاکستان کی ترقی اور خوش حالی ہے، ہم ایسے اقدامات کرنا چاہتے ہیں جس سے ملک کو دیرپا ترقی اور نوجوانوں کو مستقبل محفوظ ہو۔ جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ میں روایتی سیاست دان نہیں تھا مگر ملک کی خدمت کے لیے سیاست میں آیا اور پی ٹی آئی میں شمولیت کی مگر تحریک انصاف نے ملکی معیشت کو بہتر کرنے کیلیے کوئی کام نہیں کیا۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا جہانگیر ترین کی پارٹی میں جانے والے زیادہ تر لوگ مسافر ہیں، ان کے حلقوں میں ہمارے پاس مضبوط امیدوار موجود ہیں، جس امیدوار کے ساتھ ووٹ بھی موجود ہوں اس سے بات کی جا سکتی ہے ، تاہم جہانگیر ترین سے ہمارا اچھا تعلق موجود ہے۔
انہوں نے کہا تھا شاہ محمود قریشی کا خاندان 1857 سے عملیت پسند ہے ، اب پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر شاید2013 سے پہلے والے ارکان الیکشن لڑیں ، پی ٹی آئی بین نہ ہوئی تو اسی سے مقابلہ ہوگا لیکن حالات تیزی سے بدل رہے ہیں ، حتمی چیزیں تب سامنے آئیں گی جب الیکشن کا اعلان کیا جائے گا۔