بوٹ پالش کرنیوالے ننھے گلوکار طارق کی سنی گئی

tairi11h1h21.jpg


بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی کے رہائشی بوٹ پالش کرنے والے ننھے گلوکار طارق کی آواز نے سب کا دل جیت لیا,ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی سے تعلق رکھنے والے ننھے گلوکار طارق کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، اس ویڈیو میں اپنی آواز کا جادو جگانے کے ساتھ ساتھ طارق نے اپنے تعلیمی اور گھریلو اخراجات کے لیے بھی حکومت سے اپیل کی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے ننھے گلوکار کی نہ صرف بھرپور پذیرائی کی جبکہ سرفراز بگٹی نے ننھے گلوکار کے تمام اخراجات سرکاری سطح پر اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

ننھے گلوکار طارق اور اس کے والد نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اظہر شہزاد سے بھی ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اظہر شہزاد نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر طارق کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت اٹھائے گی، سوئی سے اسکول پرنسپل کو بلاکر جلد گلوکار طارق کا داخلہ کروا دیا جائے گا۔

ڈی سی ڈیرہ بگٹی کا کہنا تھا کہ طارق نے گلوکاری میں جس طرح ڈیرہ بگٹی کا نام روشن کیا ایسے ہی تعلیمی میدان میں اپنا آپ منوانے کے لئے محنت کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر طارق کے دیگر بہن بھائیوں کے لئے تعلیم کے حوالے سے تعاون کیا جائے گا, طارق ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتا ہے اس لئے وزیر بلوچستان نے ان کی بھر پور معاونت کرنے کی ہدایت کی ہے۔