
دنیا کے لیجنڈری کرکٹر شین وارن کی موت سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے، تھائی لینڈ کی پولیس نے موت کی وجہ سے متعلق تحقیقات کا اعلان کردیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی پولیس نے آسٹریلیا کے مایہ ناز اسپنر شین وارن کی موت کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا اعلان کردیا ہے۔
اس حوالے سے تھائی لینڈ کی رائل پولیس کا کہنا تھا کہ موت کو مشکوک نہیں سمجھ رہے تاہم موت کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں گی، اس کیلئے شین وارن سے ملاقات کرنے والے افراد اوران کے قریبی دوستوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے اور جس ولامیں شین وارن کی موت ہوئی اس کا مکمل فرانزک بھی کیا جائے گا۔
آسٹریلیا کی حکومت کی جانب سے تھائی لینڈ میں انتقال کرنے والے اپنے کرکٹر شین وارن کی میت کو وطن واپس لانے کیلئے کوششیں بھی تیز کردی گئی ہیں، اس کیلئے تھائی لینڈ میں آسٹریلوی سفیر نے حکام سے ملاقات میں میت کی وطن واپسی سے متعلق انتظامات پر بات چیت کی۔
یادرہے کہ لیجنڈ کرکٹر اور باؤلر شین وارن گزشتہ روز تھائی لینڈ کے علاقے کوساموی میں اپنے ولاء میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، شین وارن کے ترجمان کا ان کی موت کے حوالے سے کہنا تھا کہ حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے شین وارن کی موت واقع ہوئی، ان کی طبیعت خرابی کے بعد میڈیکل ٹیم نے جان بچانے کی پوری کوشش کی مگر وہ جانبر نہیں ہوسکے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13shanewarnepolice.jpg