بابر اعظم کو ملنے والے چیک پر غلط رقم درج،سری لنکا کرکٹ کی معذرت

babar-azam-khna-aa.jpg


گال ٹیسٹ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھا کر سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دی اور دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی،گال ٹیسٹ کے فاتح کپتان بابراعظم کو ملنے والے چیک پر غلط رقم درج کردی گئی۔

گال ٹیسٹ کی اختتامی تقریب میں مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کو پلیئر آف دی میچ ٹرافی اور 2 ہزار امریکی ڈالرز کا چیک انعام میں ملا، کپتان بابر اعظم کو پیش کردہ چیک پر الفاظ میں رقم 2 ہزار امریکی ڈالرز جبکہ نمبرز میں 5 ہزار درج تھی۔

سوشل میڈیا صارفین نے غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے کیے، سری لنکا کرکٹ نے پرنٹنگ کی غلطی پر معذرت کرتے ہوئے وضاحت کر دی کہ اصل رقم 5 ہزار امریکی ڈالر ہی ہے۔

گال ٹیسٹ میں کھیل کے آخری روز پاکستان کو جیت کے لیے 83 رنز درکار تھے اور اس کی چھ وکٹیں گِر چکی تھیں مگر اوپنر امام الحق کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے 131 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔ سعود شکیل نے 30 جبکہ بابر اعظم نے 24 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔

ٹیسٹ کا تیسرا دن بھی پاکستان کے حق میں رہا تھا جس میں ناصرف مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے ناقابلِ شکست ڈبل سنچری کی بلکہ ٹیل اینڈر نسیم شاہ نے جس طرح کا دفاع کیا،نسیم کریز پر آئے اس وقت سعود شکیل بیٹنگ کررہے تھے۔

پاکستان کے 346 رنز پر 8 کھلاڑی آؤٹ تھے، اور جب نسیم نے اپنی وکٹ گنوائی، اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 440 تھا، گو کہ اس میں فاسٹ بولر نے صرف 7 رنز ہی جوڑے لیکن ان کا وکٹ بچائے رکھنا پاکستانی ٹیم کے حق میں بہتر ہوا۔