
تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات پر ردعمل میں کہا ہے کہ ایک ہی وقت میں بیک ڈور ڈائیلاگ اور حکومت کے ساتھ مذاکرات نہیں چل سکتے ہیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے دعویٰ کیا کہ انہیں ملاقات کی تمام تفصیلات اور مکالموں کا علم ہے۔ سینیٹر صدیقی نے کہا کہ اگر علی گوہر صاحب اور علیمہ خان صاحبہ اسے خوش آئند قرار دے رہی ہیں اور عمران خان بھی اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں، تو یہ معاملہ بیک ڈور پراسیس کا حصہ ہے۔
https://twitter.com/x/status/1880532093341745454
عرفان صدیقی نے علی گوہر کے اس بیان پر تبصرہ کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بیک ڈور پراسیس اور فرنٹ ڈور پراسیس دونوں چل رہے ہیں۔ صدیقی نے واضح کیا کہ دو دو یا تین تین دروازوں کے مذاکرات نہیں چلا کرتے اور اگر علی گوہر کے مطابق بات چیت اعلیٰ ترین فوجی سطح پر شروع ہو چکی ہے اور یہ اطمینان بخش ہے، تو انہیں اپنی مذاکراتی ٹیم کو آگاہ کرنا چاہیے کہ اب مزید کوششوں کی ضرورت نہیں رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ہمیں وہ دروازہ مل گیا ہے جس کی ہم ایک سال سے تلاش میں تھے اور وہ کھل بھی گیا ہے، تو اب چھوٹے دروازوں، کھڑکیوں اور روشندانوں میں جھانکنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ سینیٹر صدیقی نے کہا کہ مذاکراتی ٹیم کو اس نئے منظرنامے کے مطابق اپنی حکمت عملی پر غور کرنا چاہیے اور اپنی توانائیاں درست سمت میں صرف کرنی چاہئیں۔
- Featured Thumbs
- https://i.dawn.com/primary/2025/01/18181934a5ddfad.png