ایف آئی اے کی مونس الہیٰ سے تفتیش کی تفصیلات سامنے آگئیں

monis-elahi.jpg


مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما مونس الہیٰ سے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تفتیش کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ سے منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے ایف آئی اے کی تفتیش جاری ہے جس میں 4 رکنی تفتیشی ٹیم نے مونس الہیٰ سے 40 سوالات پوچھے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مونس الہیٰ سے تفتیشی ٹیم کی پوچھ گچھ5 گھنٹے تک جاری رہی، ایف آئی اے دوران تفتیش مونس الہیٰ سےآروائی شوگر ملز سے متعلق سوال ہوا جس پر مونس الہیٰ نے کہا کہ یہ مل میں نے نہیں عمر شہریار نے بنائی ، وہی اس کے چیف ایگزیکٹیو ہیں اس مل میں میری کمپنی کے شیئرز ہیں۔

ایف آئی اے حکام نے بے نامی دار اکاؤنٹس سے متعلق بھی مونس الہیٰ سے سوال کیے جس پر رہنما ق لیگ نے لاعلمی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مونس الہیٰ کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے تھے تاہم مونس الہیٰ خود ایف آئی اے دفتر پہنچے ،انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو بھی کی اور کہا کہ رانا ثناء اللہ جوکرسکتے ہیں کریں میں اب آگیا ہوں گرفتار کرنا ہے تو کرلیں۔