ایف آئی اے نے49 پاسپورٹس لے جانے والے مسافر کو رہا کردیا

2fiapassportjhshsjshd.png

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) نے 49 پاسپورٹس لے جانے مسافر کو قانونی جواز فراہم کرنے پر رہا کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پربراستہ دبئی ایران جانے والے مسافر محمد عدنان کو ایف آئی اے کے پاسپورٹ سیل نے 49 پاکستانی پاسپورٹس برآمد ہونے پر گرفتار کیا تھا، تاہم وزارت خزانہ کا اجازت نامہ اور دیگر قانونی جواز فراہم کرنے پر ایف آئی اے نے محمد عدنان کو رہا کردیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق محمد عدنان ایک ٹریول ایجنٹ ہیں جو کراچی سے براستہ دبئی ایران جارہے تھے، محمد عدنان کے پاس موجود پاسپورٹس پر جارجیا کے ویزے لگوائے جانے تھے، چونکہ پاکستان میں جارجیا کا سفارتخانہ نہیں ہے اسی لیے پاکستان سے جارجیا جانے والے افراد اپنے پاسپورٹس ویزوں کیلئےقریبی ممالک بھجواتے ہیں۔

محمد عدنان بھی یہ پاسپورٹس جارجیا کے ویزے لگوانے کیلئے ایران لے کر جارہے تھے اور ان کے پاس پاکستانی وزارت خارجہ اور ایرانی سفارت خانے کے اجازت نامے موجود تھے، محمد عدنان کی جانب سے یہ تمام پاسپورٹس تہران میں جارجیا کے سفارتخانے میں جمع کروائے جانے تھے اور ویزوں کے اجراء کے بعد پاسپورٹس واپس پاکستان لاکر مذکورہ شہریوں کو واپس دینے تھے۔

ایف آئی اے حکام نے محمد عدنان کو قانونی دستاویزات پیش کرنے پر رہا کردیا ہے اور وزارت خارجہ کے اجازت نامے کی تصدیق کیلئے مراسلہ ارسال کردیا ہے، تصدیق کے بعد عدنان کو بیرون ملک سفر کی اجازت دیدی جائے گی اگر اجازت نامے کی تصدیق نا ہوسکی تو دوبارہ گرفتاری عمل میں لاکر قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔