تحریک انصاف نے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کے معاملے پر عدالت سے رجوع کرلیا
پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کوووٹ کا حق دینے سے متعلق قانون سازی میں تبدیلی کے معاملے پر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے سے متعلق اعلان تحریک انصاف کے سینیٹر بابر اعوان نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ جب تک امپورٹڈ حکومت گھر نہیں جاتی اسمبلی کی طرف نہیں دیکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے خاتمے کے بل کو کس طرح مسترد کیا جاسکتا ہے؟ یہ تو سپریم کورٹ کے حکم کی توہین ہے، نئے بل کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے خاتمے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بابراعوان نے کہا کہ آج اسمبلی میں انہوں نے منہ کالا کیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں کہ اوور سیز پاکستانیوں کو حق دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے حکومت کو خط بھی لکھا، اب اس فیصلے پر عملدرآمد کیلئے بھی عدالت سے رجوع کریں گے، حکومت میں آںے کے بعد پہلا کام دوبارہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا قانون پاس کریں گے۔
بابراعوان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی ترقی کیلئے ترسیلات زر بھیجتے ہیں، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے 5 ارب روپے سے زائد رقم پاکستانی بھیجی گئی، وزیراعظم اور ان کی 60 فیصد کابینہ خود ضمانتوں پر ہیں۔