
سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ امریکی صدر پاکستان کے بارے میں دیئے گئے غیر ذمہ دارانہ بیانات واپس لیں۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے امریکی صدر کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بائیڈن نے چند دن پہلے سعودی عرب کے بارے میں ہرزہ سرائی کی اور اب پاکستان پر غیر ذمہ دارانہ بیان دے ڈالا۔
ان کا کہنا ہے کہ لگتا ہے بائیڈن امریکی عوام میں گرتی ہوئی ساکھ سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ امریکی صدر پاکستان کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ بیانات واپس لیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ ہماری موجودہ ملکی لیڈرشپ کمزور ہو سکتی ہے مگر عوام نہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے جمعہ کے روز ایک تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ وہ پاکستان کو دنیا کے خطرناک ترین ممالک میں سے سمجھتے ہیں کیونکہ اس کے پاس جوہری ہتھیار تو ہے مگر کوئی قاعدہ یا ترتیب نہیں ہے۔
دوسری جانب سابق وزیر داخلہ شیخ رشید امریکی صدر کے غیر موزوں بیان پر ردعمل میں کہا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام امریکا کا اصل نشانہ ہے۔ ہماری معاشی، سیاسی، اقتصادی تباہی اس کی ابتدا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ سیاست دانوں کومسلط کرنا امریکا کا پہلا قدم ، ملک میں عدم اعتماد، خانہ جنگی اورتفرقہ بازی کرانا دوسرا قدم ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ جمہوریت رہے نہ رہے، ان کے ایجنٹ مسلط رہنے چاہییں۔ قوم فیصلہ کرلے کہ اسے غیرت سے رہنا ہے یا غلام بن کر۔ انہوں نے کہا کہ جوبائیڈن کے بیان نے پاکستان میں تبدیلی کی وجہ بتا دی ہے۔ جن کے پیسے اور جائیدادیں ان کے ممالک میں ہیں، انہیں ایٹمی ٹیکنالوجی کی پرواہ نہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم روایتی اسلحہ میں ہندوستان کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ اس لیےایٹمی ٹیکنالوجی ہی پاکستان کی سالمیت کی ضامن ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کل2بجےلال حویلی میں اہم پریس کانفرنس کروں گا۔