
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے معالج ڈاکٹر عاصم نے سابق صدر کی طبیعت میں شدید خرابی کی افواہوں کو مسترد کر دیا اور کہا کہ وہ معمولی بیمار ہیں بہت زیادہ طبیعت کی خرابی کی سب خبریں جھوٹی ہیں۔
ڈاکٹر عاصم نے بتایا کہ آصف زرداری کے پھیپھڑے میں انفیکشن ہے تاہم وہ کچھ ہی روز میں روبصحت ہو کر واپس گھر چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر آصف علی زرداری کی صحت کی شدید خرابی کی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں۔
وہ نجی ٹی وی چینل سے بات کر رہے تھے جب انہوں نے تصدیق کی کہ آصف علی زرداری کے پھیپڑے کے ایک حصے میں انفیکشن ہے۔ جس کا سینئر ڈاکٹرز کی نگرانی میں علاج کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر کی طبیعت میں پہلے سے بہت بہتری آئی ہے، سینئر ڈاکٹروں کی ٹیم اُن کا علاج کر رہی ہے۔ اس سے قبل یہ بھی اطلاعات تھیں کہ کراچی کے نجی اسپتال میں دبئی کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے آصف علی زرداری کا معائنہ کیا ہے۔
جبکہ یہ بھی دعوے کیے جا رہے تھے کہ طبیعت میں بگاڑ کے باعث آصف زرداری کو دبئی منتقل کیا جائے گا۔